کشمیر میں 11 مئی تک موسم خراب رہنے کا امکان
سری نگر، 5 مئی
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں کم و بیش اگلے ایک ہفتے کے دوران موسمی صورتحال دگرگوں رہنے کا امکان ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں لوگوں کو تیز ہوائیں چلنے کے دوران ڈل جھیل ، ولر اور دیگر آبی ذخائر میں شکارے یا کشتیاں چلانے سے احتراز کرنے کی صلاح دی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 5 مئی کو گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا امکان ہے اور اس دوران تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 6 سے 8 مئی تک موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں وادی میں 9 سے 11 مئی تک بھی ہلکی بارشیں متوقع ہیں اور اس دوران کہیں کہیں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں لوگوں سے مقامی انتظامیہ اور ٹریفک ایڈوائزریوں پر عمل کرنے کو کہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کہیں کہیں تیز بارشوں کے ساتھ ساتھ 40 سے 50 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ مقامات پر مٹی کے تودے گر آنے کے بھی خطرات ہیں۔
کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ 6 مئی سے اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں اپنے آپریشنز شروع کر سکتے ہیں۔
دریں اثنا وادی کے دن کا درجہ حرارت میں معمول سے 1 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ کم جبکہ شبانہ درجہ حرات 0 سے 1 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی میں سیاحتی مقام گلمرگ سرد ترین جگہ رہی ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت 4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ جموں صوبے میں بانہال سب سے سرد علاقہ رہا ہے جہاں شبانہ درجہ حرارت 10.1 ڈگری سینٹی گریڈ درج ہوا ہے۔
Comments are closed.