کورنا وائرس کی قہر سامانیاں جاری ، وادی کشمیر میں مزید چار ہلاکتیں

مہلوکین میں بی ایس ایف اہلکار بھی شامل ، جموں کشمیر میں ہلاکتوں کی تعداد 137تک پہنچ گئی

سرینگر/06جولائی: وبائی بیماری کورنا وائرس سے اموات کا نہ تھمنے والے سلسلے کے بیچ بی ایس ایف اہلکار سمیت مزید چار مریضوں کی موت کے ساتھ ہی جموںکشمیر میںمرنے والوں کی تعداد 137تک پہنچ گیا ۔ادھر جموںکشمیر میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اموات میں اضافہ اور کیسوں کی بڑھتی تعداد کے باعث لوگوں میں فکر و تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق جموں کشمیر میں کورنا وائرس کے کیسوں میں ہرگزرتے دن کے ساتھ اضافہ دیکھنے کو ملا رہا ہے جبکہ اموات کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔سوموار کو وادی کشمیر میں کورنا وائرس نے مزید 4مریضوں کی جان لی ۔جن میں ایک بی ایس ایف اہلکار بھی شامل ہے جس کے نتیجے مہلوکین کی تعداد 137تک پہنچ گئی ۔ سوموار کی صبح پہلے مرنے والے دو افراد کا تعلق ضلع بارہمولہ اور ضلع بڈگام سے تھا۔ٹنگمرگ بارہمولہ کے شہری کی عمر90سال جبکہ کرالہ پورہ بڈگام کے شہری کی عمر56سال تھی۔سی ڈی اسپتال کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر سلیم ٹاک نے بتایا کہ مختلف امراض میں مبتلاء بارہمولہ کا شہری26جون سے زیر علاج تھا اور وہ گذشتہ شب انتقال کرگیا۔ سکمز صورہ کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق جان کے مطابق بڈگام کا شہری آج صبح سویرے انتقال کرگیا اور وہ گردوں کی تکلیف میں مبتلاء تھا۔ اس کے بعد تیسری ہلاکت اوڑی کی خاتون کے بطور ہوئی ۔ سکمز صورہ کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ پروفیسر فاروق جان نے بتایا کہ55سالہ خاتون آج صبح سویرے چل بسی۔بونیار اْوڑی کی مذکورہ خاتون عارضہ قلب میں مبتلاء تھی۔جبکہ کورنا وائرس سے سوموار کو چوتھی ہلاکت 33بٹالین بی ایس ایف سے وابستہ اہلکار کی ہوئی ۔ ذرائع نے بتایا کہ پانتھ چوک سرینگر میں قائم 33بٹالین سے وابستہ بی ایس ایف اہلکار بی ایس ایف سیکٹر ہیڈ کواٹر میں کورنا سے متاثر ہونے کے بعد ازجاں ہو گیا ۔ اس طرح سے وادی کشمیر میں مزید چار ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی جس کے ساتھ ہی جموں کشمیر میں مرنے والوں کی تعداد137تک پہنچ گئی ہے ۔ جن میںوادی میں سب سے زیادہ یعنی29 ہلاکتیں سرینگر ضلع میں رونما ہوئیں۔ ادھر کورنا وائرس سے اموات میں اضافہ اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ہی کیسوں میں اضافہ کے باعث عوام میں فکر و تشویش کی لہر دوڑ رہی ہے۔

Comments are closed.