فضل الحق کالونی بٹہ پورہ حضرتبل کے لوگ تپتی دھوپ میں پی ایچ ای کے خلاف سراپا احتجاج

علاقہ گزشتہ تین برسوں سے پینے کے صاف پانی سے محروم ، کنوئوں کا پانی استعمال کرنے پر مجبور

سرینگر/28جون: فضل الحق کالونی بٹہ پور ہ حضرتبل کے لوگوں نے آج محکمہ پی ایچ ای کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقہ کو پینے کے صاف پانی سے محروم رکھا گیا ہے احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ علاقہ کی جانب اگرچہ محکمہ پی ایچ ای نے پانی کی سپلائی پائپ بچھائی تھی تاہم محکمہ آر اینڈ بی کے متعلقہ AEEاس میں روڑے اٹکارہے ہیں جس کے نتیجے میں علاقہ پینے کے صاف پانی سے محروم ہے اور لوگ ’’ٹیوب وہیلوں ‘‘کا پانی استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں جو کئی طرح کی بیماریوں کا موجب بن چکا ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق فضل الحق کالونی بٹہ پورہ حضرتبل سرینگر کے لوگوں نے آج سڑک پر نکل کر محکمہ پی ایچ ای کے خلاف دھرنا دیکر شدید نعرے بازی کی ۔ احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ محکمہ پی ایچ ای علاقہ کے لوگوں کو پینے کی ایک ایک بوندکیلئے ترساتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوروناوائرس کی اس وبائی دور میں بھی لوگ کنوئوں کا ناصاف پانی استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔ احتجاج میں شامل ایک شہری شبیر احمد نے سی این آئی کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ کی طرف ایک سپلائی پائپ اگرچہ پہلے موجود ہے جس سے تین برس پہلے پانی فراہم کیا جاتا تھا لیکن گزشتہ تین برسوں سے اس پائپ سے سردیوں کے ایام میں صرف صبح و شام پانی فراہم کیا ہے لیکن گرمیوں کے ایام میں پائپ سے پانی کا ایک قطرہ بھی ہمیں نصیب نہیں ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے بغیر انسان کو زندہ رہنا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن بھی ہے جبکہ علاقہ کے لوگوں کو اس نعمت عظمیٰ سے محروم رکھا گیا ہے ۔ احتجاج میں شامل لوگوں نے کہا کہ محکمہ پی ایچ ای کے افسران سے بارہا گزارش کرنے کے بعد اگرچہ محکمہ نے علاقہ کی جانب 5انچ پائپ بچھانی شروع کی اور فضل الحق کالونی سے محض کچھ ہی دوری پر اس پر کام روک دیا گیا کیوں کہ محکمہ آر اینڈ بی کے متعلقہ AEEنے پائپ کو آگے بچھانے سے منع کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ لوگوں نے اے ای ای سے کئی بار اس بارے میں بات کی اور پینے کے پانی کی سپلائی پائپ بچھانے میں ٹانگ نہ اڑانی کی اپیل کی تاہم موصوف نے ایک نہ سنی اور دھمکیاں دینے لگا۔ احتجاجی مظاہرین اس تپتی دھوپ میں محکمہ پی ایچ ای کے خلاف احتجاج کے دوران اپنی شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے نعرے لگاتے رہے اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا مطالبہ کرتے رہے ۔ احتجاج کے دوران لوگوں نے سماجی دوری کا بھی خاص خیال رکھا تھا جبکہ مظاہرین نے ماسک کا بھی استعمال کیا ہوا تھا ۔ ( سی این آئی )

Comments are closed.