صفا نگری شوپیان میں جنگجو کی کمین گاہ تباہ ، دو بالائے زمین کارکن گرفتار

ربن شوپیان کے طالبعلم کی بند وق سمیت جعلی تصویر وائرل ،پولیس نے کیا کیس درج

سرینگر/28جون: جنوبی ضلع شوپیان کے صفا نگری زینہ پورہ علاقے میں پولیس و فورسز نے جنگجوئوں کی کمین گاہ کو تباہ کرکے عسکری تنظیم انصار غزۃ ہند سے وابستہ دو بالائے کارکن کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ ادھر شوپیان پولیس نے سوشل میڈیا پر طالب علم کی عسکری صفوں میں شمولیت کے حوالے سے وائر ل ہونے والی بے بنیاد تصویر کے معاملے میں کیس درج کر لیا ہے ۔ سی این آئی کو پولیس ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شوپیان پولیس اور فوج کے ایک آر آر سے وابستہ اہلکاروں نے سی آر پی ایف کے ہمراہ صفا نگری شوپیان میں ایک چھاپہ مار کارروائی عمل میں لائی جس دوران انہوںنے عسکری تنظیم انصار غزۃ ہند سے وابستہ نوجوان کے گھر پر چھاپہ مار کر وہاں ایک کمین گاہ تباہ کی اور کمین گاہ سے اسلحہ و گولی بارود ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے اس معاملے میں دو افراد کی گرفتاری عمل میںلائی ہے جن کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ بالائے زمین کارکن کے بطور کام کرتے ہیں اور اس معاملے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔ ادھر ربن شوپیان کے طالب علم کی سوشل میڈیا پر بندوق کے ساتھ وائرل ہونے والی تصویر کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے شوپیان پولیس نے جعلی تصاویر بنانے کے خلاف کیس درج کر لیا ہے ۔ پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک جعلی تصویر وائرل ہوئی ہے جس میں ربن شوپیان کے ایک طالب علم کا بندوق کے ساتھ دکھایا گیا اور اس میںلکھا گیا تھا کہ انہوں نے انصار غزۃ ہند میں شمولیت کی ہے ۔ پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر تصویر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے اس معاملے کی تحقیقات کی جس سے یہ بات سامنے آئی کہ یہ تصویر شر پسند عناصر نے جعلی بنا کر اپ لوڈ کی ہے اور پولیس نے اس معاملے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔

Comments are closed.