آئی اے ایس افسر سمیت 25ہزار افراد کو ڈومسائل قانون کے تحت جموں کشمیر کی سٹیزن شپ ملی

ڈومسائل قانون کے حوالے سے ہمارے خدشات صحیح ثابت ہورہے ہیں /عمر عبداللہ

سرینگر/26جون/سی این آئی// یونین ٹریٹری میں ایک بہاری آئی اے ایس آفسیر نے ڈومیسائل قانون کے تحت یوٹی جموں کشمیر کی سٹیزن شپ حاصل کرلی ہے ۔ اور وہ اور ان کے ساتھ دیگر 25ہزار لوگ اب جموں کشمیر کے قانونی طور پر شہری بن گئے ہیں اور کہیں پر بھی جائیداد حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ نوکریوں کے بھی حقدار بن چکے ہیں ۔ اس دوران نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ جموں کشمیر میں نئے قانون کے حوالے سے ہمارے خدشات صحیح ثابت ہورہے ہیں اور آنے والے وقت میں یہ قانون جموں کشمیر کے عوام کیلئے مشکلات کھڑا کرسکتا ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق یوٹی جموں کشمیر میں ایک بہاری آئی اے ایس آفسیر نے ڈومیسائل قانون کے تحت سٹیزن شپ حاصل کرلی ہے ۔بہار سے تعلق رکھنے والے جموں و کشمیر کیڈر کے ایک سینئر انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) افسر نوین کمار چودھری پہلے بیوروکریٹ بن گئے ہیں جنہیں ڈومیسائل سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا ہے جس کے تحت اب وہ جموں و کشمیر کے باقاعدہ شہری بن گئے ہیں۔موصوف بیوروکریٹ ان 25 ہزار لوگوں میں شامل ہیں جنہیں یونین ٹریٹری انتظامیہ نے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ سے سر فراز کیا ہے جبکہ ان سرٹیفکیٹوں کی اجرائی کا سلسلہ پوری یونین ٹریٹری بالخصوص صوبہ جموں میں تیزی سے جاری ہے۔واضح رہے کہ جموں و کشمیر گرانٹ ڈومیسائل سرٹیفکیٹ رولز کے مطابق وہ لوگ جو جموں وکشمیر میں زائد از 15 برسوں سے سکونت پذیر ہیں، ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے حقدار ہیں جس کے تحت وہ جموں وکشمیر کے باقاعدہ شہری بن جاتے ہیں اور زمین خریدنے کے علاوہ ان کے بچے نوکریوں کے لئے درخواستیں بھی جمع کرسکتے ہیں۔دریں اثناء جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے کارگزار صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ اس ضمن میں ہمارے جو خدشات تھے وہ اب پورے ہورہے ہیں ۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ ہم جس بات سے خائف تھے اب وہی ہورہا ہے اور یہ بات آگے چل کر جموں کشمیر کے لوگوں کیلئے مشکلات کھڑی کرسکتی ہے ۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں نئے ڈومیسائل قانون کے بارے میں ہمارے تمام خدشات صحیح ثابت ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اس قانون کی روز اول سے ہی شدید مخالف رہی ہے کیونکہ ہم اس کے پس پردہ مذموم عزائم کو دیکھ رہے تھے۔بتادیں کہ جموں وکشمیر یونین ٹریٹری انتظامیہ نے فی الوقت زائد از 25 ہزار لوگوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹس اجرا کی ہیں جن میں بہار سے تعلق رکھنے والے ایک آئی اے ایس افسر نوین کمار چودھری بھی شامل ہیں۔

Comments are closed.