بجبہاڑہ میں دن دھاڑے جنگجوئوں کا سی آر پی ایف پارٹی پر حملہ؛چار سالہ کمسن بچہ اور سی آر پی ایف اہلکار از جاں ، علاقے میں تلاشی آپریشن

سرینگر/26جون: جنوبی ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ وعلاقے میں جمعہ کے دوپہر اس وقت افرا تفری اور خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا جب مسلح جنگجوئوںنے سی آر پی ایف پارٹی پر دن دھاڑے حملہ کرکے شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے میں چار سالہ کمسن بچہ اور سی آر پی ایف اہلکار از جاں ہو گیا ۔ حملے کے فورا بعد پولیس و سی آر پی ایف اور فوج نے علاقے میںتلاشی کارروائی عمل میںلائی اور حملہ آروں کو ڈھونڈ نکالنے کی کوشش کی تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔ سی این آئی کے مطابق جنوبی قصبہ بجبہاڑہ میں جمعہ کے دوپہر قریب 12بجکر 10منٹ پر اس وقت گولیوں کی گن گرج سنائی دی جب مسلح جنگجوئوں نے زر پار ہ چوک میں کھڑی سی آر پی ایف کی پارٹی کو نشانہ بنا کر اندھا دھند گولیاں چلائی ۔ جس کے ساتھ ہی سی آر پی ایف اہلکاروں نے بھی مورچہ زن ہو کر جوابی کارورائی کی اور طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ کچھ وقت تک جاری رہا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 90ویں بٹالین سے وابستہ سی آر پی ایف اہلکار قصبہ کے پادشاہی باغ علاقے میں تعینات تھے جس کے دوران اْن پر جنگجوئوں کی طرف سے گولیاں چلائیں گئیں اور جواب میں فورسز اہلکاروں نے بھی گولیاں چلائیں۔طرفین میں چلنے والی گولیوں کے نتیجے میں ایک بچہ اور ایک سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں نزدیکی سب ضلع اسپتال پہنچایا گیا جہاں دونوں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھے۔حملے میں جاں بحق بچے کی شناخت ماچھو کولگام کے رہنے والے نیہان بٹ ولد محمد یاسین بٹ کے طور ہوئی ہے۔حملے کے فورا بعد فوج و فورسز کی اضافی نفری علاقے میں نمودار ہوئی جنہوں نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارورائی عمل میںلائی اور حملہ آوروں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے جگہ جگہ چھان مارا گیا تاہم کسی بھی جگہ سے جنگجوئوں اور فورسز کا آمنا سامنا نہیںہو اور نہ ہی کسی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جنگجوئوں نے پادشاہی باغ بجبہاڑہ کے نزدیک معمول کی ڈیوٹی پر تعینات سی آر پی ایف کی پارٹی کو نشانہ بناکر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک سی آر پی ایف اہلکار اور کمسن بچہ از جاں ہو گیا ۔ انہوںنے کہا کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔

Comments are closed.