کرونا کے کیس آئندہ ہفتے ایک کروڑ تک پہنچ جائیں گے/عالمی ادارے کا انتباہ
ویکسین کی تیاری کے ساتھ ساتھ ہمیں وائرس کا پھیلاؤ روکنے اور زندگیاں بچانے کی ذمہ داری بھی نبھانی ہوگی
سرینگر/25جون: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے اور آئندہ ہفتے دنیا بھر میں کیسز کی تعداد 93 لاکھ سے بڑھ کر ایک کروڑ تک پہنچ جائے گی۔سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہینم نے ایک بیان میں کہا کہ لاطینی امریکہ کے ملک وائرس کا نیا مرکز بن چکے ہیں جہاں اب تک ایک لاکھ سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔ ان میں سے 54 ہزار سے زائد اموات خطے کے صرف ایک ملک برازیل میں ہوئی ہیں۔ڈبلیو ایچ اے کے ہنگامی حالات سے متعلق شعبے کے سربراہ ڈاکٹر مائیک ریان کا کہنا ہے کہ براعظم شمالی و جنوبی امریکہ میں وبا تاحال اپنے عروج پر نہیں پہنچی اور خاص طور پر وسطی اور جنوبی امریکہ کے ملکوں میں وائرس کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے۔اْنہوں نے کہا کہ لاطینی امریکہ کے کئی ملکوں میں گزشتہ ہفتے وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں کی شرح میں 25 سے 50 فی صد تک اضافہ دیکھا گیا۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہینم نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے کیسز ایک کروڑ تک پہنچنے کا تخمینہ ہمارے لیے یاد دہانی ہے کہ ویکسین کی تیاری کے ساتھ ساتھ ہمیں وائرس کا پھیلاؤ روکنے اور زندگیاں بچانے کی ذمہ داری بھی نبھانا ہو گی۔امریکہ کی کئی ریاستوں میں پابندیوں میں نرمی کے باوجود وائرس دوبارہ زور پکڑ رہا ہے۔ لگ بھگ چھ ریاستوں میں اسپتال لائے جانے والے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔اگرچہ نیویارک اور نیوجرسی جیسے وبا کے پرانے مراکز میں مریض کم ہورہے ہیں، لیکن وائرس جنوبی اور مغربی ریاستوں کی طرف پھیل رہا ہے۔ منگل کو کئی ریاستوں میں یومیہ کیسز کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے جن میں ایریزونا، کیلی فورنیا، مسسی سیپی، نیواڈا اور ٹیکساس شامل ہیں۔امریکہ میں وبائی امراض کے سب سے معتبر ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے منگل کو کانگریس کمیٹی کو بتایا کہ وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے آئندہ چند ہفتے بے حد اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو مجمع میں نہیں جانا چاہیے۔( سی این آئی )
Comments are closed.