ہندوارہ میں آگ کی بھیانک واردات؛ایک رہائشی مکان مکمل طور پر خاکستر ، مال واسباب راکھ

سرینگر/15جون: ہندوارہ میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں ایک رہائشی مکان مکمل طور پر خاکستر ہوچکا ہے جس میں موجود لاکھوں روپے کا سازوسامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکا ہے تاہم اس واردات میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق شمالی کشمیر کے قصبہ ہندورہ میں شانو تکیہ ماور میں عبدالرشید ڈار ولد عبدالجبار ڈار کے رہائشی مکان سے سوموار کی صبح اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ تاہم اس دوران مقامی لوگوں اور محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی نے آگ پر قابو پانے کی بھر پور کوشش کی لیکن اس کوشش کے دوران مکان مکمل طور پر خاکستر ہوچکا تھا اور مکان میں موجود تمام سازوسامان جس میں برتن، کپڑے، بستر، نقدی ، زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء راکھ ہوگئی۔ آگ کی اس واردات میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے معاملے کی تحقیققات شروع کردی ہے ۔ ادھر فوری طور پر آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ۔

Comments are closed.