ہند پاک کے مابین سرحدوں پر کشیدگی بر قرار؛اوڑی سیکٹر میں دوسرے روز بھی گولی باری اور شلنگ ، کوئی نقصان نہیں

سرینگر/13جون: لائن آف کنٹرول پر گزشتہ کئی دنوں سے جاری ہند پاک افواج میں جنگی صورتحال کے بیچ سنیچروار کو مسلسل دوسرے روز بھی اوڑی سیکٹر میں آر پار شدید نوعیت کی گولہ باری اور شلنگ ہوئی تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔اسی دوران آر پار شدید نوعیت کی گولی باری کے نتیجے میں سرحدوں کے قریب رپائش پذیر کئی کنبوں نے تک نقل مکانی کی ہوئی ہے ۔سی این آئی کے مطابق شمالی کشمیر کے سرحدی قصبہ اوڑی کے حاجی پیر ،سید پورہ، تھجل، سیالکوٹ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں گولہ باری کے نتیجے میں لوگ خوف و ہراس میں مبتلاء ہوچکے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ سنیچروار کو مسلسل دوسرے روز بھی پاکستانی فوج نے شدید نوعیت کی گولی باری اور شلنگ کی جن میں سے کئی شل رہائشی آبادی والے علاقوں میں پھٹ گئے تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیںہوئی ہے ۔ ادھر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے حد متارکہ کے آر پار تنائو بڑھ گیا ہے اور دونوں ممالک کی فوج جدید ترین ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے ایک دوسرے کے پکٹوں پر گولہ باری کررہے ہیں ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ تین دنوں کے دوران راجوری اور پونچھ کے مختلف سرحدی علاقوں میں پاکستان کی گولہ باری کے نتیجے میں متعدد رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ کئی گائوں خانے بھی تباہ ہوچکے ہیں جس کے نتیجے میں متعدد مویشی ہلاک ہوچکے ہیں ۔ سرحدی کشیدگی کے باعث دونوں جانب سرحدی آبادی پریشان ہوچکی ہے اور اپنے آشیانوں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف مارچ شروع کیا ہے ۔

Comments are closed.