نوکری سے معطل کئے گئے سری کلچر ملازمین نے کی انصاف کی فریاد؛بنا وجہ غیر حاضر دکھانے کے معاملے میں کمشنر سیکرٹری اور ڈائریکٹر سے مداخلت کی اپیل

سرینگر /11جون : ڈیوٹی پر حاضر ہونے کے باوجود بھی غیر حاضری دکھا کر معطل شدہ محکمہ سریکلچر کے ملازمین نے انصاف کی مانگ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ معاملے کی آزادنہ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جائے ۔انہوں نے اس معاملے میں محکمہ کے کمشنر سیکرٹری اور ڈائریکٹر سے ذاتی مداخلت کی اپیل کی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق محکمہ سری کلچر میں تعینات 14ملازمین کو غیر حاضری کے پاداش میں تا حکم ثانی معطل کر دیا گیا جس کے بعد انہیں دو افتاد علاقوں میں منسلک کر دیا گیا ۔ معطلی پر شدید نا راضگی کا اظہار کرتے ہوئے ملازمین کا کہنا ہے کہ 05جون کو ڈیوٹی پر حاضر ہونے کے باوجود انہیں غیر حاضر دکھا کر معطل کر دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پانچ جون کو دن بھر ڈیوٹی پر تعینات تھے اور حاضری رجسٹری کی ان کے پاس مکمل فوٹو سٹیٹ کاپی بھی موجود ہے جو اس بات کا بین ثبوت ہے کہ ہم تمام ملازمین 05جون کو دن بھر ڈیوٹی پر ہی موجود تھے ۔ معطل شدہ ملازمین کا کہنا تھا کہ محکمہ کی جانب سے انہیںایک تو معطل کر دیا گیا وہیں انہیں دورافتار علاقوں میں منسلک کرکے انہیں وہاں ڈیوٹی دینے کا کہا گیا ہے جو کہ ان کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے کیونکہ عالمی وبائی بیماری کے چلتے وادی بھر میںجاری لاک ڈائون میں وہ کس طرح سے ان علاقوں میں پہنچ کر ڈیوٹی دے سکتے ہیں کیونکہ کہیں پر بھی ٹرانسپورٹ دستیاب نہیںہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم محکمہ کے کمشنر سیکرٹری و ڈائریکٹر سے مودبانہ اپیل کرتے ہیں کہ اس معاملے میں اپنی ذاتی توجہ مبذول کریںتاکہ ہمیں انصاف ملے اور ساتھ ہی اس معاملے میںآزادنہ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جائے جو حقائق کو سامنے لائیں اور ہمیں انصاف فراہم ہو سکے ۔ ملازمین نے مزید مطالبہ کیا کہ معاملے کی تحقیقات مکمل ہونے تک انہیں اپنی ہی جگہ تعینات رکھا جائے کیونکہ لاک ڈائون میں وہ دور افتار علاقوں میں پہنچ نہیں پاتے ہیں ۔

Comments are closed.