جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاعات کے ما بعد پلوامہ کے کئی دیہات کا 15گھنٹوں تک محاصرہ ، تلاشیاں

سرینگر/18مئی: جنوبی ضلع پلوا مہ کے نصف درجن دیہات میںفوج وفورسز نے 15گھنٹوں بعد محاصرہ ختم کر دیا تاہم تلاشی کارروائی کے دوران کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی اور نہ ہی کوئی قابل اعتراض چیز بر آمد ہوئی ۔ سی این آئی کے مطابق جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاعات ملنے کے بعد فوج کے 55آر آر ، سی آر پی ایف اور ایس او جی پلوامہ نے اتوار کی رات دیر گئے پلوامہ کے رہمو، گوسو ، مرن ، عشمندر او ر اس کے ملحقہ علاقوں میں تلاشی آپریشن عمل میں لایا جس دوران گھر گھر کی تلاشی لی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اتوار اور سوموار کی درمیانی رات کو ہی فوج و فورسز نے علاقوں کو محاصرہ میں لیکر تلاشی کارورائی شروع کی جبکہ لوگوں کی شناختی پریڈ کرنے کے علاوہ ان سے پوچھ تاچھ بھی کی گئی ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ان علاقوں میں تلاشی آپریشن سوموار کی صبح تک جاری رہا اور تلاشی کارورائی کے دوران کسی بھی جگہ سے جنگجوئوں اور فورسز کے مابین آمنا سامنا نہ ہونے اور نہ ہی کوئی قابل اعتراض چیز بر آمد ہونے کے بعد فوج و فورسز نے علاقوں کا محاصرہ 15گھنٹوں بعد ختم کر دیا ۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج و فورسز نے تلاشی آپریشن عمل میں لایا تھا جس دوران ان علاقوں میں مکینوں سے پوچھ تاچھ بھی کی گئی تاہم کس کو گرفتار نہیں کیا گیا ۔ ( سی این آئی )

Comments are closed.