سرحدوں پر جنگ جیسی صورتحال برقرار ، مسلسل چھٹے روز بھی آر پار شدید گولہ باری

پاکستانی فائرنگ کا بھر پور جواب دیا گیا ، 4پاکستانی رینجرس ہلاک ، دیگر کئی زخمی / بھارت

بھارتی فائرنگ پر پاکستان کا زور دار احتجاج ، بھارت کے سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا

سرینگر/8مئی: ہندوپاک سرحدوں پرجاری کشیدگی کے بیچ جمعہ کے روز بھارت نے دعویٰ کیا ہے کہ ضلع پونچھ میں پاکستان اور بھارتی افواج کے مابین شدید گولہ باری کا تبادلہ ہواجس دوران چار پاکستانی فوجی اہلکاروں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ کئی ایک زخمی ہوئے اور نصف درجن رہائشی ڈھانچوں کو نقصان پہنچ گیا ۔ادھر سرحدوں پر جاری مسلسل کشیدگی کے باعث سرحدی آبادی میں خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا ۔کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق ہندوپاک سرحدوں پر جمعہ کو بھی مسلسل چھٹے روز بھی دونوں افواج نے بندوقوں کے دہانے کھولے ۔ صوبہ جموں کے شاہ پور کیرنی سیکٹر میں صبح پاکستانی فوج نے بھارتی فوجی چوکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے جدیدترین ہتھیاروں کا استعمال کیا ۔ دفاعی ذرائع نے اس حوالے سے کہا کہ بدھ کو دو دنوں کے کی خاموشی کے بعد پاکستانی فوج نے بلا اشتعال بھارتی فوجی چوکیوں کونشانہ بناکر جدید ترین ہتھیاروں سے گولہ باری کی تاہم بھارتی فوج نے بھی پاکستانی بلا اشتعال گولہ باری کا بھر پور جواب دیا ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ایک ایک گولہ کا جواب دیا جائے گا ۔ دفاعی ذرائع نے کہا کہ پاکستانی فوج کو بلا اشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔جس کے نتیجے میں چار پاکستانی فوجی اہلکاروں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ کئی ایک زخمی بھی ہونے کے علاوہ نصف درجن دھانچے تباہ ہوئے ۔ دفاعی ترجمان کے مطابق پاکستانی گولہ باری کا بھر پور جوا ب دیا گیا اور بھارتی فوج کی جوابی کارروائی میں پاکستان کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ۔ یاد رہے کہ ہندوستان اور پاکستانی افواج کے مابین شدید تلخیوں کے بیچ دونوں جانب سرحدوں پر تنائو بڑھتا ہی جارہا ہے اور گذشتہ3ماہ سے مسلسل سرحدوں پر گولہ باری کاسلسلہ جاری ہے۔ ادھر سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر پاکستان نے بھارت کے سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا۔پاکستان نے سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر بھارت کے سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ شہری آبادی پر فائرنگ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارت سیز فائر کا احترام اور خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 7 مئی کو نیزہ پیر اور راکھ چکری سیکٹرز پر بھارت نے بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 6 معصوم شہری زخمی ہوئے۔

Comments are closed.