فون کالنگ پر مسلسل پابندی ، مریضوں کی ڈاکٹروں تک رسائی نہیں

انٹر نیٹ خدمات کی معطلی سے بچے بھی آن لائن تعلیم حاصل کرنے سے قاصر

سرینگر/8مئی: جنوبی ضلع اونتی پورہ کے بیگ پورہ علاقے میں حزب کمانڈر ریاض نائیکو کی ہلاکت کے بعد وادی کشمیر میںمسلسل تیسرے روز بھی مواصلاتی نظام ٹھپ رہنے کے بعد وادی میں لوگوں کا ایک دوسرے سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔لاک ڈاون کے دوران کشمیر میں ہزاروں مریض فون کے ذریعے علاج کے لئے ڈاکٹروں سے رجوع کر رہے تھے لیکن گزشتہ تین روز سے مواصلاتی نظام پر پابندی کے سبب وہ شدید متاثر ہو رہے ہیں۔سی این آئی کے مطابق بیگ پورہ اونتی پورہ میں حزب کمانڈر ریاض نائیکو کی ہلاکت کے بعد وادی کشمیر میں مواصلاتی نظام منقطع کر دیا گیا اور جمعہ کو مسلسل تیسرے روز بھی وادی کا مواصلاتی رابطہ ٹھپ ہو کر رہ گیا ۔ ادھر وادی کشمیر میں جاری لاک ڈائون کے بیچ مواصلاتی رابطہ منقطع رہنے کے باعث جہاں عام صارفین پریشان ہو گئے ہیں وہیں مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کو بھی کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ لاک ڈاون کی وجہ سے انتظامیہ نے ہسپتالوں میں الیکٹیو سرجریز اور او پی ڈی بند کر دئے ہیں جس سے غیر کوروناوائرس بیماروں کا علاج بھی متاثر ہوگیا ہے۔بیشتر ڈاکٹروں نے بیماروں کیلئے آن لائن یا فون کے ذریعے علاج اور مشورہ دینے کا عمل شروع کیا تھا اور لاک ڈاون کے دوران یہ سلسلہ جاری تھا۔سرینگر سے تعلق رکھنے والے محمد عرفان نامی ایک شہری نے بتایا کہ انکی حاملہ اہلیہ کا زچگی کے حوالے سے وقت نزدیک آرہا ہے اور آنے والے دنوں میں سرجری متوقع ہے، لیکن گزشتہ تین دنوں سے وادی کشمیر میں موبائل سروس معطل ہونے کی وجہ سے وہ ڈاکٹر سے رابطہ قائم نہیں کر پا رہے ہیں جس وجہ وہ شدید ذہنی پریشانی میں مبتلا ہیں۔انتظامیہ نے بی ایس این یل موبائل کے علاوہ دیگر نجی کمپنیوں کی موبائل سروس منقطع کی ہیں، جبکہ کشمیر میں بی ایس این ایل موبائل صارفین کی تعداد بہت کم ہے جس کی وجہ سے بیشتر آبادی گزشتہ تین روز سے مشکلات کا سامنا کر رہی ہے۔ادھرانٹرنیٹ کو بند کرنے کی کے بعد طلبا بھی آن لائن پڑھائی سے محروم ہوگئے ہیں۔لاک ڈاون کے دوران انتظامیہ نے تدریسی عملے کو طلبا کیلئے آن لائن کلاسز کے احکامات صادر کیے تھے تاکہ طلبا کی تعلیم زیادہ متاثر نہ ہو، لیکن مواصلاتی نظام پر پابندی سے یہ سلسلہ بھی اب ختم ہو گیا ہے۔( سی این آئی )

Comments are closed.