ٹنگڈار کے فوجی کیمپ میں ڈرل کے دوران گرینیڈپھٹ گیا

فوجی اہلکار ہلاک، دوسرا شدید زخمی، کیمپ میں افرا تفری

سرینگر/02مئی: سرحدی ضلع کپواڑہ کے ٹنگڈار علاقے میں قائم فوجی کیم کیمپ میں اس وقت افرا تفری کا ماحول پھیل گیا جب کیمپ کے اندر اچانک گرینیڈ پھٹ جانے کے نتیجے میں فوجی اہلکار ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ سی این آئی کو ڈفاعی ذرائع سے معلو م ہوا ہے کہ لائن آف کنٹرول کے نزدیک ٹنگڈار علاقے میں قائم 2جاٹ فوجی کیمپ میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب فوجی ڈرل کے دوران اچانک گرینیڈ زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ فوجی اہلکار ڈرل کے دوران اسلحہ و ساز سامان کا معائنہ کررہے تھے جس دوران اچانک گرینیڈ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں دو فوجی اہلکار خون میں لت پت وہیں گر پڑے، معلوم ہوا ہے کہ اگرچہ دونوں فوجی اہلکاروں کو شدید زخمی حالات میں اسپتال پہنچانے کی کوشش کی گئی تاہم ایک زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا جبکہ دوسرے کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ گرینیڈ پھٹنے کے باعث ہلاک ہونے والے فوجی اہلکار کی شناخت نائب جوگی در سنگھ کے بطور ہوئی ہے جبکہ زخمی نائیک جتندر ہو گیا۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کی پارٹی جائے واردات پر پہنچ گئی جنہوں نے حالات کا مکمل جائزہ لیا۔

Comments are closed.