10ماہ کے طویل وقفے کے بعد کولگام دمحال ہانجی پورہ میں مسلح تصادم آرائی ، 4مقامی حزب جنگجو جاں بحق

گولی باری میں دو فوجی اہلکار بھی زخمی ،علاقے میں آپریشن وسیع پیمانے پر جاری ، ضلع میں انٹر نیٹ خدمات بند

مہلوک جنگجوئوں حالیہ شہری ہلاکتوں میں ملوث تھے /فوج اور پولیس کا دعویٰ

سرینگر/04اپریل: 10ماہ کے طویل وقفے کے بعد جنوبی ضلع کولگام دمحال ہانجی پورہ علاقے میں فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مسلح تصادم آرائی میں عسکری تنظیم حزب المجاہدین سے وابستہ چارمقامی جنگجو جاں بحق ہو گئے۔جبکہ طرفین کے مابین گولیوں کے تبادلے میں دو فوجی اہلکاربھی زخمی ہو گئے ۔ علاقے میں تائی دم تحریر آپریشن جاری تھا اور ممکنہ طور پر چھپے بیٹھے مزید ایک جنگجو کو دھونڈ نکلانے کیلئے آپریشن وسیع کر دیا گیا ۔ جھڑپ کے ساتھ ہی ضلع کولگام میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات معطل کر دی گئی ۔ ادھر فوج و پولیس نے چار جنگجو ئوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مہلوک جنگجو حالیہ شہری ہلاکتوں میں ملوث تھے ۔ سی این آئی کو دفاعی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ دمہال ہانجی پورہ کے نڑگام گاوں ہارڈمنڈ گوری علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج ، سی آر پی ایف اور ایس او جی کولگام نے سنیچروار کی اعلیٰ صبح علاقے کو محاصرہ میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کرد یا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں اُس گولیوں کی گن گرج سنائی دی جب علاقے میں محصور جنگجوئوں اور فورسز کے درمیان جھڑپ شروع ہوئی ۔معلوم ہوا ہے کہ فورسز اور جنگجوئوں کے مابین گولیوں کا کا تبادلہ کچھ دیر تک جاری رہا جس دوران فورسز نے چھپے بیٹھے جنگجوئوں کو سرنڈر کرنے کی پیشکش کی تاہم وہ بضد رہے جس دوران طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ابتدائی جھڑپ میں عسکری تنظیم حزب المجاہدین سے وابستہ تین جنگجو جاں بحق ہو گئے جبکہ تین فورسز اہلکار بھی زخمی ہو گئے۔ کچھ دیر گولیوں کا تبادلہ رک جانے کے بعد فورسز اور جنگجوئوں کے مابین ایک مرتبہ پھر جھڑپ شروع ہوئی ۔ ذرائع نے بتایا کہ جھڑپ شروع ہونے کے ساتھ ہی فورسز نے علاقے کا محاصرہ وسیع کردیا جبکہ فورسز کی مزید کمک طلب کرکے جنگجوئوں کے فرار ہونے کے تمام راستے سیل کر دئے ۔ جبکہ جنگجوئوں کے خلاف آپریشن حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق جونہی علاقے میں گولیوں کا تبادلہ تھم گیا تو جھڑپ کے مقام سے مزید ایک جنگجو کی نعش بر آمد کی گئی اس طرح سے جھڑپ میں کل مل کر چارجنگجو جاں بحق ہوئے جن کی شناخت اعجاز احمد نائیکو عرف موسی ولد محمد اقبال ساکنہ چمر دمحال ہانجی پورہ ،شاہد احمد ملک ولد محمد صادق ساکنہ خول دمحال ہانجی پور ہ ، وقار فاروق ولد فاروق احمد ایتو ساکنہ کولگام اور محمد اشرف ملک عرف صدا م ساکنہ آرونی بجبہاڑہ کے بطور ہوئی جبکہ تمام جنگجوئوں کا تعلق عسکری تنظیم حزب المجاہدین سے تھا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے اور فورسز کو شبہ ہے کہ علاقے میں ایک اور جنگجو چھپا بیٹھا ہے جس کو تلاش کرنے کیلئے کارروائی جاری ہے ۔ ذرائع کے مطابق جھڑپ میں مارے گئے جنگجوئوں کا تعلق عسکری تنظیم حزب المجاہدین سے تھا۔ اور ان کے قبضے سے بھاری مقداد میں اسلحہ و گولہ بارود بھی ضبط کیا گیا ہے ۔پولیس کے ایک سنیئر افسر نے جھڑپ میں جنگجوئوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جھڑپ میں جاں بحق جنگجوئوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولی بارود ضبط کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جھڑپ کے دوران کئی فوج اہلکاربھی زخمی ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ مارے گئے جنگجو ئوں حالیہ شہری ہلاکتوں میں ملوث تھے اور ان کے خلاف کولگام کے مختلف پولیس تھانوں میں مقدمے درج تھے ۔ ادھر فوج کے ایک سنیئر افسر نے بھی چار جنگجوئوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جھڑپ میں مارے گئے جنگجو پولیس و فورسز کو شہری ہلاکتوں میں انتہائی مطلوب تھے جبکہ چار جنگجوئوں کی ہلاکت سے حزب کو بڑا دھچکا لگا ہے ۔

Comments are closed.