سرحدوں پر گھمسان کا رن جاری؛ راجوری کے سندربنی سیکٹرمیں ہند پاک افواج کے مابین گولہ باری

6 فوجی اہلکار زخمی دو کی حالت تشویشناک

سرینگر 3/ اپریل / کے این ٹی/ / جموں و کشمیر کے راجوری میں سندربنی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر جمعہ کو ہند پاک کی افواج کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 6 فوجی اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ زخمیوں میں سے دو فوجیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔کشمیر نیوز ٹرسٹ کو بھارتی فوج کے دفاعی ترجمان نے بتایا کہ جموں کے راجوری میں میں سندر بنی سیکٹر میں لائن اف کنٹرول پر جمعہ کی صبح پاکستانی فوج نے ہندوستان کی چوکیوں پر شدید گولہ باری اور چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کر دی۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستانی فوج نے بھی بھرپور اور موثر جوابی کارروائی کی اور طرفین کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ 4 گھنٹوں تک جاری رہا۔جس دوران فوج کے 6 اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ زخمی فوجی اہلکاروں کو علاج و معالجہ کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان میں سے دو کی حالات تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ پاکستانی فوج نے دوپہر ایک بجے پھر اسی سیکٹر میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی اور مارٹر گولے داغنے کے علاوہ ہلکے ہتھیاروں سے بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔واضع رہے کہ پاکستانی فوج کی اندھادھند فائرنگ سے گذشتہ روز پونچھ کے بالاکورٹ میں ایل او سی کے نزدیک فوج کے ایک آفیسر سمیت دو اہلکار زخمی ہوئے تھے جبکہ شدید کشیدگی کے پیش نظر پونچھ میں رہائش پذیر لوگوں میں خوف ودہشت طاری ہے۔دفاعی ترجمان کے مطابق فوج حالات کا باریک بینی سے مشاہدہ کیا جارہا ہے اور ضرورت پڑنے پر لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان سرحد پر گذشتہ کئی دنوں سے گھمسان کا رن جاری ہے۔

Comments are closed.