سرکاری احکامات نظر انداز ، اونتی پورہ میں 14نمازیوں کو گرفتار کر لیا گیا

وادی کے شمال و جنوب میں احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس متحرک

سرینگر /26مارچ / : کورنا وائرس کے پیش نظر سرکاری احکامات کو نظر انداز کرکے ایک ساتھ مسجد میں نماز ظہر ادا کرنے کے بعد اونتی پورہ پولیس نے 14افراد کو حراست میں لیا ۔ ادھر وادی کے شمال و جنوب میں قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مہم میں تیزی لاتے ہوئے درجنوں گاڑیوں کو ضبط کر لیا گیا جبکہ کئی افراد کے خلاف کیس درج کر لیا گیا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق کووڈ 19کے چلتے انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس متحر ک ہو گئی ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ اونتی پورہ کے گاڈ محلہ میں جمعرات کو مقامی لوگوں نے سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کی جس کے بعد پولیس نے حرکت میں آکر مسجد میں ایک ساتھ ظہر کی نماز ادا کرنے کی پاداش میں 14افراد کی گرفتاری عمل میں لائی ۔ بتا یا جاتا ہے کہ مسجد سے نما زادا کرنے کے بعد جونہی نمازی مسجد سے باہر آئے تو پولیس کی ایک پارٹی نے انہیں حراست میں لیکر اونتی پورہ پولیس اسٹیشن منتقل کیا ۔ جہاں اس معاملے میں ایک کیس درج کر لیا گیا ۔ اسی دوران وادی کے شمال و جنوب میں سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مہم میں تیزی لاتے ہوئے درجنوں گاڑیوں کو ضبط کر لیا ۔ پٹن سے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ پٹن کے سنگھ پورہ علاقے میں پولیس نے سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نصف درجن گاڑیوں کو ضبط کر لیا گیا ہے جبکہ اس معاملے میں کئی افراد کے خلاف کیس درج کر لیا گیا ہے ۔

Comments are closed.