اقوام متحدہ کے ملازم میں کروناوائرس کی تصدیق،ادارہ 4ہفتوں کے لئے بند
نیویارک میں موجود ہیڈکوارٹر میں ملازمین کو چھٹی پر بھیجنے کا فیصلہ
وہان /14 مارچ : چین کے شہر وہان سے شروع ہونے والے کروناوائرس نے اب پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس کے بعد عالمی سطح پر میڈیکل ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔کرونا وائرس نے اپنی تباہ کاریوں سے پوری دنیا کو پریشان کر دیا ہے جس کے بعد ہر ملک کی جانب سے اس سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اپنائی جا رہی ہیں۔اسی دوران اقوام متحدہ کے بھی ایک ملازم میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جس کے بعد ادارے کو 4 ہفتوں کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔کشمیر نیوز ٹرسٹ کے مطابق نیویارک میں موجود اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں موجود ملازمین کو چھٹی دینے کا فیصلہ فلیپائن کے سفارت کار میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد کیا گیا ہے۔سفارت کار میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد ادارے کو 4 ہفتوں کے لئے بند کر دیا گیا ہے جس کے بعد تمام ملازمین کو چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔ادارے کی جانب سے شعبہ ایمرجنسی اور ترجمہ کرنے والے محکمے کو چھٹی نہیں دی گئی جبکہ باقی سارے عملے کو چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ آئندہ ہفتے میں سیکیورٹی کونسل اجلاس ہونا تھا جس کے بارے میں اقوام متحدہ کے جاری کردہ نوٹس میں کسی حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی جبکہ نیویارک میں موجود ہیڈکوارٹر کو 4ہفتوں کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔کروناوائرس کی وجہ سے اب تک دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد1 لاکھ 40 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ اس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بھی 5 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ایسی صورتحال میں دنیا بھر میں میڈیکل ایمرجنسی نافذ کرنے کے بعد کوشش کی جا رہی ہے کہ کسی طرح اس وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے، دوسری جانب ابھی تک یہ ویکسین تیار نہیں کی گئی اور ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کی ویکسین تیار کرنے میں بہت زیادہ وقت درکار ہو گا۔
Comments are closed.