تین دن کے خراب موسمی صورتحال کے بعد موسم میں آئی بہتری ، دھوپ نکلنے سے لوگوں کو ملی راحت

سرینگر جموں شاہراہ مسلسل تین روز سے بند ، شاہراہ پر سینکڑوں کی تعداد میں مسافر و مال بردار گاڑیاں درماندہ

سرینگر/14مارچ: موسمی صورتحال میں بہتری کے باوجود سرینگر جموں شاہراہ پر سنیچروار کو مسلسل تیسرے روز بھی ٹریفک کی نقل و حمل بند رہی جس کے نتیجے میں سینکڑوں کی تعداد میں چھوٹی گاڑیاں تین دنوں سے شاہراہ پر درماندہ ہوکے رہ گئیں ہیں ۔سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میںگزشتہ کئی دنوں سے جاری خراب موسمی صورتحال کے بیچ اگرچہ سنیچروار کی صبح سے موسم میں بہتری آئی ۔ سنیچروار کی صبح سے ہی شہرسرینگر سمیت وادی بھر میںمطلع صاف ہوا اور بادلوں کی اوٹ سے سورج نکل آیا جس کے نتیجے میں دن بھر دھوپ کھلنے سے لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے ۔ اس دوران شہر سرینگر میں آج دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 5ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ گذشتہ رات منفی 2ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے اگرچہ وادی میںاگلے چند دنوں تک موسم خشک رہنے کی پیشن گوئی کی ہے تاہم شبانہ درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آسکتی ہے۔بادلوں کی اوٹ سے سورج نکلنے سے اچھی خاصی دھوپ دن بھر کھل اُٹھی ۔ موسم میں بہتری کی وجہ سے اہلیان وادی نے راحت کی سانس لی ہے ۔ شہر سرینگر کے علاوہ وادی کے دیگر قصبہ جات میں دن بھر دھوپ کھلنے کے نتیجے میں معمولات زندگی بحال ہوگئی ۔ ادھر موسم میں بہتری آنے کے باوجود بھی سنیچروار کو مسلسل تیسرے روز بھی سرینگر جموں شاہراہ پر ٹریفک کی آمد رفت بحال نہ ہو سکی ۔ گذشتہ دنوں ہوئی برفباری کے نتیجے میں جواہر ٹنل کے نزدیک برفباری اور برفانی تودے گرآنے کے ساتھ ساتھ کئی جگہوں پر پسیاں گرآنے کے نتیجے میں شاہراہ پر دونوں جانب ٹریفک بند ہے ۔ اس دوران معلوم ہوا ہے کہ شاہراہ ر دونوں جانب 4ہزار سے زائد گاڑیاں درماندہ ہیں جن میں سے زیادہ تعداد ٹرکوں کی ہیں جو گذشتہ تین روز سے دونوں جانب درماندہ ہیں جبکہ چھوٹی گاڑیاں اور دیگر مسافر گاڑیاں گذشتہ چا رروز سے شاہراہ پر درماندہ ہے۔ شاہراہ مسلسل بند رہنے کے نتیجے میں وادی کا بیرون دنیا سے زمینی رابطہ مسلسل تین روز سے منقطع ہے ۔ ۔ ذرائع نے بتایا کہ شاہراہ پر پساں گرآنے اور چٹانیں سرکنے کی وجہ سے ٹریفک ناقابل آمدورفت ہے اور ٹریفک کی آواجاہی کیلئے فی الحال بند ہے ۔

Comments are closed.