تھیٹر کمانڈ میں فوج کے تینوں شاخوں کے افواج تعینات رہیں گے /چیف آف ڈیفنس اسٹاف بپن راوت

سرینگر17 فروری//یو پی آئی // چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے جموںوکشمیر میں تھیٹر کمانڈ کے قیام کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ جموںوکشمیر میں فوج کو مضبوط کرنے اور اُنہیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی خاطر تیار رکھنا ناگزیر بن گیا ہے۔ بتا دیں کہ فوج میں تھیٹر کمانڈ غیر معمولی اہمیت کی حامل ہوتی ہیں کیونکہ اس کمانڈ میں بری ، بحری اور سمندری فوج کے اہلکار تعینات رہتے ہیں جو کسی بھی ہنگامی صورتحال کے دوران اپنی خدمات انجام دیتے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی یوپی آئی کے مطابق نئی دہلی میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران چیف آف ڈیفنس اسٹاف لفٹنٹ جنرل بپن راوت نے کہاکہ بھارتی افواج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوںنے کہا کہ جموںوکشمیر میں فوج کو جدید خطوط پر اُستوار کرنے اور اُنہیں نئی ٹیکنالوجی سے لیس کرانے کی خاطر مرکزی حکومت کوشاں ہے۔ چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا کہنا تھا کہ جموںوکشمیر میں ”تھیٹر کمانڈ “کے قیام کی خاطر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اس کمانڈ میں تینوں شاخوں سے تعلق رکھنے والے فوجی اہلکار شامل ہوتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ سبھی میزائل سسٹم اور ہوائی نگرانی کی ذمہ داری اسی کمانڈ کے سپرد ہوتی ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ فوج کی تربیت کی خاطر اور ایک نئی کمانڈ کو معروض وجود میں لایا جارہا ہے جہاں پر نئے رنگروٹھوں کو جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ فوج کو مضبوط کرنے کی خاطر مرکزی حکومت نئے 114لڑاکا طیارے خریدنے جارہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ سمندری فوج کیلئے اور ایک بڑا جہاز فراہم کیا جارہا ہے تاکہ آبی راستوں کے ذریعے ہو رہی دراندازی پر قابو پایا جاسکے۔ لفٹنٹ جنرل بپن راوت کے مطابق بھارتی افواج ہر خطرے سے نمٹنے کی اہل ہیں ۔ سرحدوں کی صورتحال کے بارے میں بپن راوت نے کہاکہ حد متارکہ اور لائن آف کنٹرول پر تعینات افواج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوںنے کہاکہ دراندازی سب سے بڑا مسئلہ ہے اور اس مسئلے سے نمٹنے کی خاطر فوج کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستانی رینجرس عسکریت پسندوں کوا س طرف دھکیلنے کی خاطر گولہ باری کر رہی ہیں تاہم لائن آف کنٹرول پر تعینات افواج کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پاکستانی گولہ باری کا منہ توڑ جواب دے۔

Comments are closed.