کھٹوعہ کے ہیرا نگر سیکٹر میں شدید گولہ باری

پاکستان نے بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج درج کیا

سرینگر15 فروری: ہندوپاک افواج کے درمیان کٹھوعہ کے ہیرا نگر سیکٹر میں شدید گولہ باری ہوئی جس وجہ سے لوگ گھروں میں سہم کررہ گئے۔ دفاعی ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کی گولہ باری کا سختی کے ساتھ جواب دیا جارہا ہے۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق پاک بھارت افواج کے درمیان سرحدوں پر ناجنگ معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ نمائندے کے مطابق سنیچر کے روز پاک بھارت افواج کے درمیان ہیرا نگر سیکٹر میں اچانک گولہ باری شروع ہوئی جو کافی دیر تک جاری رہی۔ دفاعی ذرائع کے مطابق پاکستانی رینجرس نے ایک دفعہ پھر ناجنگ معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو ہلکے اور بھارتی ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔ دفاعی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی گولہ باری کا منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی رینجرس عسکریت پسندوں کو اس طرف دھکیلنے کی خاطر ہی گولہ باری کر رہے ہیں تاہم بھارتی فوج بھی گولہ باری کا سختی کے ساتھ جواب دے رہے ہیں۔ ادھر پاکستان نے بھارتی افواج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر بھارتی سفارت کار کو طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کے مطابق گزشتہ روز 14فروری کو لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) پر نیزا پیر اوررکھ چکری کے علاقوں میں بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ سے 13سالہ لڑکی شدید زخمی ہوگئی۔دفتر خارجہ نے جنگ بندی کی خلاف ورزی پر بھارت کے سینئر سفارتکار کو طلب کرکے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مسلسل اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔

Comments are closed.