جموں وکشمیر کے دورے پر آئے 25غیر ملکی سفارتکاروں نے نئی دہلی میں قومی سلامتی مشیر کے ساتھ ملاقات کی

دورے کے دوران وفود کی جانب سے اُبھارئے گئے حساس مسائل کے بارے میں قومی سلامتی مشیر کو آگاہی فراہم کی گئی

سرینگر14 فروری//یو پی آئی // جموںوکشمیر کے دورے پر آئے 25غیر ملکی سفارتکاروں نے نئی دہلی میں قومی سلامتی مشیر کے ساتھ ملاقات کی جس دوران جموںوکشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ معلوم ہوا ہے کہ میٹنگ کے دوران سفارتکاروں نے جموں وکشمیر کی صورتحال اور لوگوں کی جانب سے اُٹھائے گئے مسائل کے بارے میں بھی قومی سلامتی مشیر کو جانکاری فراہم کی۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق 25غیر ملکی سفارتکار جو کہ جموںوکشمیر کے دو روزہ دورے پر آئے ہوئے تھے نے نئی دہلی میں قومی سلامتی مشیر اجیت کمار ڈوال سے ملاقات کی۔ ذرائع نے بتایا کہ اجیت کمار ڈوال اور غیر ملکی سفارتکاروں کے درمیان ڈیڑھ گھنٹے تک میٹنگ ہوئی جس دوران سفیروں نے جموںوکشمیر کی صورتحال کے بارے میں مشیر کو آگاہی فراہم کی ۔ ذرائع نے بتایا کہ کشمیر اور جموں میں قیام کے دوران سیاسی ، سماجی اور میڈیا سے وابستہ نمائندوں نے غیر ملکی سفارتکاروں کودرپیش مسائل کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔ معلوم ہوا ہے کہ غیر ملکی سفارتکاروں نے ان سبھی مسائل کو حل کرنے کی خاطر قومی سلامتی مشیر کو آگاہی فراہم کرتے ہوئے کہاکہ انٹرنیٹ بندش کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے لہذا اس پر فوری طورپر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ ذرائع کامزید کہنا ہے کہ سرینگر میں قیام کے دوران جن افراد نے سفارتکاروں سے ملاقات کی انہوںنے انٹرنیٹ کی بحالی ،جموںوکشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے اور عوامی مشکلات کا ازالہ کرنے کے حوالے سے میمورنڈم بھی پیش کئے۔ ذرائع نے بتایا کہ غیر ملکی سفارتکاروں نے نئی دہلی میں قومی سلامتی مشیر کے ساتھ ان سبھی مسائل پر بات کی جس دوران اجیت کمار ڈوال نے سفارتکاروں کو یقین دلایا کہ وہ اس بارے میں وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر اعظم ہند نریندر مودی سے بات کرئینگے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جموںوکشمیر کے دورے پر آئے سفراءنے انٹرنیٹ خدمات کی معطلی پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ جموںوکشمیر میں انٹرنیٹ کو پوری طرح سے بحال کرئے تاکہ تاجروں اور میڈیا سے وابستہ نمائندوں کو مشکلات کا سامنا کرنے پر مجبور نہ ہوناپڑے۔ ادھر امریکہ نے غیر ملکی سفارتکاروں کے کشمیر دورے کو اچھا قدم قرار دیتے ہوئے مرکزی حکومت سے ایک دفعہ پھر مطالبہ کیا ہے کہ نظر بند کشمیری لیڈر شپ کو رہا کیا جائے ۔امریکہ سٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان الیس ویلز نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ اگر چہ غیر ملکی سفارتکاروں کا دورہ کشمیر خوش آئند بات ہے تاہم وادی کشمیر میں سیاستدانوں کی مسلسل نظر بندی پر امریکہ کو تشویش ہے ۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ جموںوکشمیر میں انٹرنیٹ خدمات کو پوری طرح سے بحال کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں کو راحت مل سکے۔

Comments are closed.