لائن آف کنٹرول ایک بار پھر گولیوں کی گن گرج سے لرز اٹھی

اب پونچھ کے دیگوار سیکٹر میں شدید شلنگ اور فائرنگ ، کوئی جانی نقصان نہیں

سرینگر/08فروری/سی این آئی// سرحدی ضلع پونچھ میں ہندوستان اور پاکستانی افواج نے ایک بار پھر ایک دوسری کی پکٹوں کو نشانہ بناتے ہوئے زبردست گولہ باری کی جس کی وجہ سے سرحدی آبادی دہل اُٹھی اور لوگ اپنے گھروں میں سہم کے رہ گئے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق ہندوستان اور پاکستانی افواج نے چند دنوں کی خاموشی کے بعد آج ایک بار پھر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چھوٹے بڑے جدید ہتھیاروں کا استعمال کیا جس کی وجہ سے سرحدی ضلع پونچھ کے دگوار علاقے میں آر پار گولیوں کے تبادلے سے سرحدی علاقے دہل اُٹھے اور سرحدی آبادی سہم کے رہ گئی۔ اس دوران آر پار شلنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں لوگوںنے اپنے گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دی ہے ۔ اس دوران فوجی ذرائع نے پاکستانی فوج پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سنیچروار کی صبح پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی فوجی چوکیوں پر بلا اشتعال فائرنگ شروع کی تاہم اُس پار ہوئی گولہ باری کے نتیجے میں ابتدائی طور پر کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔ فوجی ذرائع نے بتایا کہ فوج نے بھی پاک گولہ باری کا بھر پور جواب دیتے ہوئے پاکستاتی فوجی چوکیوں کو نشانہ بناکر جدید ترین ہتھیاروں کا استعمال کیا ۔ادھر پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کی ۔پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے اور ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایل اوسی پر جان بوجھ کر شہری آبادی کو مارٹرگولوں سے نشانہ بنایا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے ایل او سی کے لیپہ ویلی کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بھارتی فورسز کی جانب سے مارٹر گولوں سمیت بھاری ہتھیاروں کا بھی استعمال کیا گیا۔ادھر معلوم ہوا ہے کہ سرحدی علاقوں میں تازہ گولہ باری کے باعث مقامی آبادی میں تشویش کی لہر پائی جا رہی ہے جبکہ وہ خوف و دہشت کے ماحول میں مبتلا ہو چکے ہیں ۔

Comments are closed.