ویڈیو: ریاست کے مفتی اعظم مفتی بشیر الدین نہ رہے،نماز جنازہ میںہزاروں لوگوں نے کی شرکت

مین سٹرین و علیحدگی پسند لیڈران کی جانب سے مرحوم کے انتقال پر دکھ اور افسوس کااظہار کیا گیا

سرینگر: ریاست جموں و کشمیر کے مفتی اعظم مفتی بشیر الدین احمد فاروق اس دار فانی سے منگل کے روز صورہ ہسپتال میں انتقال کرگئے ۔مرحوم کی نماز جنازہ میں دینی ،سیاسی اور سماجی تنظیموں کے سربراہ اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی ۔ مرحوم کے انتقال پر ریاستی گورنر ، سابقہ وزرائے اعلیٰ ، کے علاوہ علیحدگی پسند و مین سٹریم جماعتوں کے ساتھ ساتھ تجارتی انجمنوں ، ادبی حلقوں اور دینی تنظیموں نے سخت دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق ریاست جموں کشمیر کے مفتی اعظم، مفتی بشیر الدین احمد فاروقی منگل کو انتقال کرگئے۔ مفتی بشیر الدین کو دوران شب علالت کی وجہ سے میڈیکل انسٹی چیوٹ صورہ لیجایا گیا جہاں وہ اس دار فانی سے کوچ کرگئے ۔ مفتی بشیر الدین کے فرزند مفتی ناصر الاسلام نے اپنے والدکے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کافی عرصہ سے علیل تھے اور آج صورہ انسٹچیوٹ میں انتقال کرگئے ۔مرحوم مفتی بشیر الدین کی آخری رسومات ان کے آبائی گھر واقع90فٹ روڑ پر انجام دینے کے بعد مرحوم کی نماز جنازہ خانقاہ معلی سرینگر میں اداکی گئی جہاں پر لوگوں کی بڑی تعداد نے ان کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ مرحوم کے انتقال پر ریاست کی سیاسی و سماجی تنظیموں کے ساتھ ساتھ تمام دینی تنظیموں نے اپنے دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبہ کے ساتھ تعزیت کی ۔ ادھر ریاست کے گورنر ستیہ پال ملک، گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی، ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان کے علاوہ دیگر اہم شخصیات نے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ اس دوران ریاست کے سابق وزرائے اعلیٰ ،ڈاکٹر فاروق عبداللہ ، عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے مفتی بشیر الدین احمد کے انتقال پر اپنے دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفتی بشیر الدین نے ریاست جموں و کشمیر میں دین اسلام کی خدمت میں اپنے آپ کو وقف کیا ہوا تھا اور انہوںنے وقت وقت پر ریاستی عوام کی بھلائی اور امن و سلامتی کیلئے اپنی آواز بلند کی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق ادھر علیحدگی پسند جماعتوں کے لیڈران جن میں سید علی شاہ گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق ، محمد یاسین ملک کے علاوہ دیگر لیڈران نے مفتی بشیر الدین کے انتقال پر دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ہمیشہ سے ہی تحریک کشمیر کے حامی رہے ہیں اور یہاں پر وقت وقت پر کی گئی قتل و غارت گری کے خلاف مرحوم اپنی ناراضگی کااظہار کیا ہے ۔

Comments are closed.