ویڈیو: سیول سوسائٹی فورم ، کشمیر اکنامک الائنس اور دوسری تنظیموں کا مشترکہ بیان، حکومت طبی سہولیات فراہم کرنے میں مکمل طورناکام ،

آبادی کا بہت بڑا حصہ پریشان حال

سرینگر: سیول سوسائٹی فورم کشمیر ، کشمیر اکنامک الائنس اور دوسری تنظیموں نے حکومت کی اس بات پر سخت نکتہ چینی کی ہے کہ خراب موسمی صورتحال کے دوران حکومت لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے میں پوری طرح سے ناکام ثابت ہو گئی ہے۔ مذکورہ تنظیموں کے مطابق دور دراز علاقوں میں لوگوں کو چارپائیوں پر اُٹھا کر علاج ومعالجہ کی خاطر اسپتال منتقل کرناپڑرہا ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکومت طبی سہولیات کی فراہمی میں ناکام ہو گئی ہے۔ جے کے این ایس کے مطابق سیول سوسائٹی فورم کشمیر ، کشمیر اکنامک الائنس اور دوسری تنظیموں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں حکومت کی سخت سرزنش کرتے ہوئے کہاکہ ایک طرف دعوئے اور وعدئے کئے جارہے ہیں کہ تاہم دوسری طرف حکومت کی کارکردگی سب کے سامنے عیاں ہے۔ مشترکہ بیان کے مطابق خراب موسمی صورتحال کے دوران طبی نظام پوری طرح سے ناکام ہو گیا جس کی وجہ سے بیماروں کو شدید مشکلات کاسامنا کرناپڑرہا ہے۔ بیان کے مطابق بھاری برفباری کے نتیجے میں ریاست کے دور اُفتادہ علاقوں میں طبی سہولیات کا فقدان پایا جارہا ہے ۔بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ این ایچ ایم ملازمین کی جانب سے ہڑتال کے باعث بھی طبی نظام درہم برہم ہو کررہ گیا ہے۔ پچھلے پچیس دنوں سے این ایچ ایم کے ملازمین پر ہڑتال پر بیٹھے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے بیماروں کوسخت مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہڑتال کے باعث ریاست جموں وکشمیر میں قائم پرائمری ہیلتھ سینٹر، ہیلتھ کئیر ، کیمونٹی ہیلٹھ سینٹر ، سب ڈسٹرکٹ اسپتالوں میں کام متاثر ہو چکا ہے اور 65فیصد چھوٹے بڑے اسپتالوں کا کام متاثر ہو گیا ہے جس کا خمیازہ عام لوگوں کو بھگتنے پر مجبور ہوناپڑرہا ہے۔ حکومت کی جانب سے لوگوں کو راحت دینے کے بجائے انہیں مصیبتوں میں مبتلا کیا جارہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ بیان کے مطابق عام شہریوں کا کیا قصور ہے کہ انہیں سزا مل رہی ہے ۔ موجودہ موسمی صورتحال کے باعث آبادی کا بہت بڑا حصہ متاثر ہو گیا ہے جبکہ طبی سہولیات کے فقدان کے نتیجے میں حالات مزید سنگین ہوگئے ہیں اور حکومت اس کا سدبا ب کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔ مشترکہ بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس سلسلے میں اقدامات اُٹھائیں جبکہ این ایچ ایم ملازمین سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ فی الحال ہڑتال کی کال کو موخر کرئے تاکہ غریب عوام کو راحت مل سکے۔ حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ این ایچ ایم ملازمین کے مانگوں کو فی الفور پورا کرئے تاکہ وہ بھی اپنی زندگی اچھی طرح سے گزار سکیں۔

Comments are closed.