ویڈیو: بلال غنی لون نے ’پیپلز کانفرنس ‘ کا نام تبدیل کیا

جموں کشمیر عوامی آزاد تحریک رکھا نیا نام ،کہاکنفیوژن ختم کیا

 

سرینگر:٣٠،جنوری ؍کے این این ؍ سینئر مزاحمتی لیڈر بلال غنی لون نے اپنی پارٹی ’پیپلز کانفرنس ‘ کا نام تبدیل کرکے جموں کشمیر عوامی آزاد تحریک رکھا ۔انہوں نے سرینگر میں حریت (ع) چیئر مین میر واعظ عمر فاروق کی موجودگی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اس کا اعلان کیا ۔کے این این کے مطابق مزاحمتی لیڈر سے مین اسٹریم میں شامل ہوئے سجاد غنی لون کے بھائی ، بلال غنی لون، جو مزاحمتی پسند خیمے میں حریت کانفرنس (ع) کا حصہ ہیں، نے اپنی پارٹی کا نام تبدیل کردیا۔حریت کانفرنس کے دفتر واقع راجباغ سرینگر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے سینئر مزاحمتی لیڈر بلال غنی لون نے اپنی پارٹی ’پیپلز کانفرنس ‘ کا نام تبدیل کرکے جموں کشمیر عوامی آزاد تحریک رکھا ۔بلال غنی لون پیپلز کانفرنس کے نام پر ہی حریت کانفرنس (ع) کی اکائی میں سرگرمیاں انجام دے رہے تھے۔ بلال غنی لون اب سے حریت کانفرنس (ع) میں ’جموں کشمیر عوامی آزاد تحریک‘ کی سربراہی کریں گے۔بلال غنی لون نے اپنی پارٹی کا نام تبدیل کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ’ میں اپنے مرحوم والد کے بہت قریب تھا اب صرف کنفیوڑن ختم کرنے کیلئے میں نے اپنی پارٹی کا نام تبدیل کردیا‘۔سجاد غنی لون اور بلال غنی لون، مرحوم مزاحمتی لیڈر خواجہ عبد الغنی لون کے فرزند ہیں۔سجاد غنی لون نے کئی سال مزاحمتی خیمے میں گذارنے کے بعد مین سٹریم سیاست میں قدم رکھا جبکہ بلال غنی لون لگاتار مزاحمتی پسند خیمے کا حصہ ہیں۔پیپلز کانفرنس کی بنیاد مرحوم عبدالغنی لون نے ڈالی تھیں جنہیں نامعلوم بندوق برادروں نے21مئی2001کو گولی مار کر جاں بحق کیا تھا۔یاد رہے کہ سجاد غنی لون کی سربراہی والی پیپلز کانفرنس نے’سیب‘ کو اپنے چنائو نشان کے طور اختیار کیا ہے۔انہوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا’سیب‘ پیپلز کانفرنس کا چنائو نشان ہوگا،یہ اقتصادی طاقت کی علامت ہے‘۔سابق وزیر نے سابق ایم ایل اے محمد عباس وانی کا اس بات کیلئے شکریہ ادا کیا کہ اْنہوں نے’سیب‘ کی تجویز پیش کی۔پیپلز کانفرنس نے گذشتہ اسمبلی انتخابات میں2 نشستیں حاصل کی تھیں اور سجاد غنی لون پی ڈی پی ۔بھاجپا کے دور اقتدار کے دوران کابینہ وزیر کے عہدے پر فائز رہے ۔

Comments are closed.