ویڈیو: دمحال ہانجی پورہ میں پولیس اسٹیشن پر دن دھاڑے گرینیڈ حملے

تین عام شہری زخمی ، کئی گاڑیوں کو نقصان ، علاقے میں تلاشی کارروائی ، کوئی گرفتاری نہیں

سرینگر/30جنوری/سی این آئی/ جنوبی ضلع کولگام میں ایک مرتبہ پھر جنگجوئوں نے اپنی موجودگی کا بھر پور احساس دلاتے ہوئے دن دھاڑے پولیس پوسٹ دمحال ہانجی پورہ کونشانہ بناتے ہوئے اس پر حملہ کرکے گرینیڈ داغا جس کے نتیجے میںتین عام شہری زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے بعد فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی عمل میں لائی تاہم کسی کی گرفتار ی عمل میں نہیں لائی گئی ۔ سی این آئی کے مطابق کولگام کے دمحال ہانجی پورہ علاقے میں بدھ کو اس وقت سنسنی اور افرا تفری کا ماحول پھیل گیا جب جنگجوئوں نے دن دھاڑے پولیس اسٹیشن کو نشانہ بنا کر گرینیڈ داغا۔ پولیس ذرائع کے مطابق جنگجوئوں نے نا معلوم سمت سے پولیس پوسٹ کو نشانہ بنانے کے غرض سے ہتھ گولہ پھنک دیا۔ ذرائع کے مطابق گرینیڈ نشانہ چوک کر سڑک کے بیچ و بیچ زور دار دھماکے کیساتھ پھٹ گیا۔ذرائع کے مطابق گرینیڈ حملے کے ساتھ ہی علاقے میں اتھل پتھل مچ گئی جب لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے۔ اسی دوران حملے کے ساتھ ہی آس پاس کھڑی فورسز کی مزید کمک جائے واردات پر پہنچ گئی جنہوں نے تین شہریوںکو خون میں لت پت دیکھ کر انہیں اسپتال منتقل کیا۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گرینیڈ حملے میں زخموں کی شناخت ایاز احمد بٹ ساکنہ عشموجی کولگام ، سبزار احمد حجام ساکنہ نادی مرگ اور بلال احمد کٹھانہ ساکنہ بی کے پورہ کولگام کے بطور ہوئی ہے۔اسی دوران حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس وفورسز کے اعلیٰ حکام جائے موقعہ پر پہنچ گئے صورتحال کا جائزہ لیا ،پولیس و فورسز نے وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی کارروائی شروع کی تاہم کسی کے گرفتار ہونے کے بارے میں فوری طور پر کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں پْر اسرار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں تین عام شہری زخمی ہوگئے ۔ انہوں نے بتایا کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔

Comments are closed.