لائن آف کنٹرول پر کشیدگی تشویشناک ، ہند پاک مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل کا حل نکالیں
سرینگر/08جنوری: لائن آف کنٹرول پر مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ نے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ بندی معاہدے کا احترام کرکے تمام مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کریں ۔ سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اینٹونیو گوتریس نے ہندوستان اور پاکستان سے کنٹرول لائن (ایل او سی) پر مسلسل ہو رہی جنگ بندی کی خلاف ورزی کے مسئلہ کو بات چیت کے ذریعہ حل کرنے کی اپیل کی ہے ۔ نیویارک میں باقاعدہ پریس بریفنگ کے دوران گوتریس نے یہ بات کہی۔ گوتریس نے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی وجہ سے ہو رہی اموات کو ٹالنے کے مقصدسے اس بات چیت کی اپیل کی ہے ۔اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفنی ڈزارک نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان امن مذاکرات میں ثالثی کے لئے تیار ہیں بشرطیکہ دونوں پڑوسی ملک گوتریس کی بات مانیں۔ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کے سربراہ کشمیر کے علاقے کے حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک سے اس سلسلے میں بات چیت کرنے کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں سے انسانی جانوں کا اتلاف قابل تشویش ہے اور ہند پاک کو جنگ بندی معاہدے کا احترام کرنا چاہئے تاکہ لوگوں کے جانوں کو زیاں ہونے سے بچا لیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے اس سے قبل بھی دونوں ممالک کے درمیان ثالث بننے کی پیشکش کی ہے ۔
Comments are closed.