رواں برس کشمیر میں سنگباری کے 759 واقعات پیش آئے/وزارت داخلہ

587تشدد کے واقعات میں86فورسز اہلکار اور37شہری جاں بحق

سرینگر/12دسمبر: وادی کشمیرمیں تشدد آمیز واقعات میں انسانی جانوں کے زیاں کے حوالے اعدادشمار پیش کرتے ہوئے وزارت داخلہ نے بتایا کہ وادی میں رواں برس سنگبازی کے واقعات میں کمی دیکھنے کو ملی ہے اور رواں برس وادی میں پتھر بازی کے 759واقعات پیش آئے جو گذشتہ برس کے مقابلے میں کافی کم ہیں ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ نے ریاست جموں و کشمیر باالخصوص وادی کی صورتحال کے حوالے سے ایوان کو مطلع کیا کہ رواں برس وادی میں حالات گزشتہ برس کے مقابلے میں بہتر رہے ۔ انہوں نے اعداد وشمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ رواں برس تا حال جموں کشمیر کے اندرسنگباری کے759واقعات پیش آئے ہیں۔وزیر داخلہ کے نائب ہنسراج اہر نے ایوان کو بتایا کہ اس سال دسمبر2تک جموں کشمیر میں 238جنگجوؤں کو جاں بحق کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ عسکریت پسندوں کیخلاف فورسز آپریشنز کے دوران سنگباری کے واقعات پیش آتے ہیں اور ایسے ہی759واقعات میں باضابطہ کیس درج کئے گئے ہیں۔ریاست میں دسمبر2تک مجموعی طور587تشدد کے واقعات پیش آئے ہیں جن میں86فورسز اہلکار اور37شہری جاں بحق ہوگئے۔گذشتہ برس یعنی2017میں 329 تشدد کے واقعات میں200جنگجوؤں کو جاں بحق کیا گیا تھا۔ گذشتہ برس74فورسز اہلکار اور36شہری بھی جاں بحق ہوئے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں کشمیر میں تشدد کو سرحد کے دوسری طرف سے حمایت حاصل ہورہی ہے۔

Comments are closed.