اجمیر: کانگریس کے قومی صدرراہل گاندھی نے راجستھان میں آج اپنے انتخابی جلسے سے پہلے اجمیرمیں درگاہ خواجہ معین الدین حسن چشتی پرحاضری دی اورپشکرمیں واقع برہما مندرکے درشن کئے۔
راہل گاندھی نے پہلے درگاہ پہنچ کرخواجہ صاحب کی مزارپر لال رنگ کی سنہرے کام والی مخملی چادرچڑھائی اورعقیدت کےپھول پیش کرکے ملک میں امن وسکون،خوشحالی اوربھائی چارے کی دعاکی۔ گاندھی خاندان کے خادم سید عبدالغنی گردے جی نے راہل گاندھی کو درگاہ کی زیارت کرائی۔
اس سےپہلے درگارہ کے نظام گیٹ پر خادم خاندان کے گردے جی کے علاوہ سید زہیب چشتی اور سید یاسرگردے جی نے راہل گاندھی کا خیرمقدم کیا۔ پھرانہیں بلند دروازے سے محفل خانے سبیلی گیٹ، شاہ جہانی مسجد، پائتیں دروازے ہوتے ہوئے مزارشریف میں حاضری دلوائی۔
اس موقع پر پارٹی کے راجستھان انچارج اویناش رائے پانڈے، قومی جنرل سکریٹری اشوک گہلوت، ریاستی صدرسچن پائلٹ، راجستھان اسسٹنٹ انچارج قاضی نظام الدین، کانگریس لیڈر راجیو شکلا، رکن پارلیمنٹ ڈاکٹررگھو شرما، شہر کے صدروجے جین موجود تھے۔ حاضری کے بعد لوٹتے وقت خادموں کی دونوں تنظیم انجمن یادگاراورانجمن سید زادگان کے صدراور جنرل سکریٹریوں کی جانب سے ان کا استقبال کیاگیا۔ درگاہ کمیٹی نے بھی مومنٹوتحفہ میں دیا۔
Comments are closed.