لائن آف کنٹرول پر جاری کشیدگی کے بیچ ،پاکستان اور بھارت ڈی جی ایم اوز کا ہاٹ لائن پر پھر رابطہ

سرینگر/24نومبر: لائن آف کنٹرول پر جاری کشیدگی کے بیچ پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشز (ڈی جی ایم اوز) کا ہاٹ لائن رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں ممالک نے فائرنگ سے آر پار بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کا معاملہ اٹھایا ہے۔سی این آئی مانیٹر نگ کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کا مقررہ شیدول سے ہٹ کر ہاٹ لائن رابطہ ہوا ہے جس میں پاک فوج کے ڈی جی ایم او نے لائن آف کنٹرول پر پاکستانی شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کا معاملہ اٹھایا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی فوج کے ڈی جی ایم او کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر نیزہ پیر، چری کوٹ، اور بٹل سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی، بھارتی فوج کا جان بوجھ کر ایل او سی پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا غیر پیشہ ورانہ اور غیر اخلاقی ہے، اس طرح کی اشتعال انگیزیاں ناقابل برداشت اور جواب دینے کی متقاضی ہیں۔اسی دوران معلوم ہوا ہے کہ ہاٹ لائن پر بات چیت کے دوران بھارت کے ڈی جی ایم او نے بھی پاکستان سے لائن آف کنٹرول پر ہو رہی فائرنگ کا معاملہ اٹھا یا جس میں انہوں نے پاکستان پر زور دیا کہ لائن آف کنٹرول پر عام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے ۔

Comments are closed.