توسہ میدان بڈگام میں پُر اسرار دھماکہ ، نوجوان جاں بحق ، دو دیگر شدید زخمی

لوگ مشکوک چیزوں سے چھیڑ چھاڑ سے گریز کریں ، علاقے میں دوبارہ صفائی مہم عمل میں لائی جائیگی /ڈی سی بڈگام

سرینگر/12اگست: بڈگام کے توسیہ میدان میں پُر اسرار دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا ہے جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہو گئے ہیں ۔ایس ایس پی بڈگام نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک نوجوان کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ۔ سی این آئی کو پولیس ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بڈگام کے توسہ میدان کھاگ علاقے میں اس وقت خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی جب ایک زور دار پُر اسرار دھماکہ ہوا ۔ ذرائع کے مطابق علاقے میں بوسیدہ شل پھٹنے سے دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں آہنی ریزوں کی زد میں آکر تین افراد شدید طور زخمی ہو گئے ۔ معلوم ہوا ہے کہ زخمیوں کو علاج و معالجہ کیلئے نزدیکی ہیلتھ سنیٹر منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت نازک دیکھ کر انہیں سکمز صورہ منتقل کیا جہاں واجد بشیر آہنگر نامی نوجوان زخموں کی تاب نہ لاکر د م توڑ بیٹھا ۔ ایس ایس پی بڈگام نے دھماکے کے نتیجے میں ایک نوجوان کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔ اسی دوران جونہی نوجوان کے جاں بحق ہونے کی خبر علاقے میں پھیل گئی تو وہاں صف ماتم بچھ گئے جبکہ علاقے میں قیامت صغری بپا ہوئی ۔ ادھر ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ڈاکٹر سحرش اصغر نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے توسہ میدان میں ایک مرتبہ پھر صفائی کا کام شروع کرنے کی ہدایات جاری کئے ہیں جبکہ لوگوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی شل یا دیگر کسی مشکوک چیز سے چھیڑ چھاڑ کرنے سے گریز کریں ۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی مساجد میں اعلان کرایا گیا جس دوران لوگوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک چیز کو ہاتھ نہ لگائے جبکہ توسیہ میدان کی طرف سے جانے سے گریز کیا جائے جب تک نہ اس کی صفائی انجام دی جائیگی ۔انہوں نے بتایا کہ علاقے میں صفائی کی تازہ مہم شروع کی جائیگی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی چیز وہاں موجود نہ رہے جس کے نتیجے میں انسانی جانوں کا زیاں ہو۔

Comments are closed.