بڈگام میں قتل کیس پولیس نے کیا حل

تین ملزمان کی گرفتاری عمل میں لاکر انکو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا

سرینگر/12اگست:بڈگام پولیس نے قتل کے ایک کیس کو حل کرتے ہوئے اس میں ملوث تین افراد کی گرفتاری عمل میں لا کر انہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔سی این آئی کو پولیس ترجمان سے موصولہ بیان کے مطابق 27جون 2018کے روز پولیس اسٹیشن چرار شریف میں غلام محمد ڈار ساکنہ وتہ کلو نے تحریری طورپر شکایت درج کی کہ اُس کا بیٹا سمیر احمد ڈار 24جون کو اچانک لاپتہ ہو گیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرکے لاپتہ نوجوان کو تلاش کرنے کیلئے تحقیقات شروع کی ۔ 10جولائی 2018کو لاپتہ نوجوان کی نعش یوسمرگ ڈیمب سے برآمد ہونے کے بعد پولیس نے اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 43/2018زیر دفعہ 302آر پی سی کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔چنانچہ پولیس نے ایس ڈی پی او خانصاحب محمد آفتاب آعوان کی سربراہی میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ۔ تفتیش کے دوران تین افراد جن کی شناخت شاہد احمد ڈار ولد غلام محمد ساکنہ نصر پورہ شوپیاں، حبیب ا ﷲ ڈار ولد غلام قادر اور شاہد احمد ڈار ولد غلام محمد ڈار ساکنان ڈون کلواری کے طور پر ہوئی ہے جوکہ قتل کے اس بھیانک واقعے میں ملوث قرار پائے۔ پولیس نے فوری طورپر تینوں کی گرفتاری عمل میں لاکر انہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔ مزید تحقیقات کے دوران پتہ چلا ہے کہ گرفتار شدگان میں سے ایک کی بہن کے مراسم مقتول کے ساتھ تھے جو اس کے قتل کا موجب بنا ۔ تحقیقاتی رپورٹ کو بہت جلد عدالتِ مجاز میں پیش کیا جائے گا۔

Comments are closed.