اتروسو شانگس اننت ناگ میں قیامت صغری بپا، ٹرنچ میں گرنے سے ماں بیٹا سمیت 4افراد جاں بحق

مالک مکان کی حالت اسپتال میں نازک بنی ہوئی ہے۔ زہریلی گیس کے اخراج سے چاروں کی موت واقع ہوئی

سرینگر12 ؍اگست: خانپورہ اُترسو شانگس اننت ناگ میں اُس وقت قیامت صغریٰ بپا ہوئی جب ٹرنچ کی صفائی کے دوران مکان مالک اس میں جاگرا اس دوران محمد مقبول کو بانے کی خاطر آس پاس موجود اُس کی بیوی ، بیٹے اور دو رشتہ داروں نے بھی ٹرنچ میں چھلانگ گائی جس دوران سبھی بے ہوش ہو گئے۔ پانچ افراد کو بے ہوشی کی حالت میں ٹرنچ سے باہر نکال کر اسپتال پہنچایا گیا تاہم ڈاکٹروں چار افراد کو مردہ قرار دیا جبکہ ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ اسپتال ذرائع نے بتایا کہ ٹرنچ میں زہریلی گیس کے اخراج سے چاروں کی موت واقع ہوئی ہے۔ جے کے این ایس کے مطابق خانپورہ اُترسو شانگس اننت ناگ میں محمد مقبول خان نامی شخص اور اُس کے گھر والے پاس ہی موجود ٹرنچ کی صفائی کر رہے تھے کہ اس دوران محمد مقبول پیر پھسل جانے کے نتیجے میں ٹرنچ میں جا گرا۔ نمائندے کے مطابق محمد مقبول کو بچانے کیلئے بیٹے ، بیوی اور پاس ہی موجود دو رشتہ داروں نے بھی ٹرنچ میں چھلانگ لگائی تاہم سبھی بے ہو ش ہو گئے۔ اس دوران ٹرنچ میں بے ہوش ہونے والے پانچ افراد کو فوری طورپر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے میاں بیوی سمیت چار افراد کو مردہ قرار دیا جبکہ ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ مہلوکین کی شناخت شمیمہ زوجہ محمد مقبول خان، اُس کے بیٹے سبزار احمد خان اور ہمسائیگی میں رہنے والے دو بھائی زاہد احمد آہنگر ، عمر آہنگر پسران غلام محمد آہنگر کے بطور ہوئی ہے جبکہ مکان مالک محمد مقبول کی حالت اسپتال میں نازک بنی ہوئی ہے۔ اُترسو شانگس اننت ناگ اور اُس کے ملحقہ علاقوں میں چار افراد کی موت واقع ہونے کی خبر پھیلتے ہی کہرام مچ گیا ہزاروں کی تعداد میں لوگ جائے موقع پر پہنچ گئے اور مہلوکین کی نماز جنازہ میں شرکت کی بعد میں چاروں کو پُر نم اانکھوں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ اننت ناگ پولیس نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران پتہ چلا ہے کہ ٹرنچ میں زہریلی گیس کے اخراج سے چاروں کی موت واقع ہوئی ہے تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی اس ضمن میں وثوق کے ساتھ کچھ کہا جاسکتا ہے۔

Comments are closed.