سرفروش قوم کی آزادی کیلئے اپنے ’آج‘ کو قربان کررہے ہیں:گیلانی

سری نگر:۲۲،جولائی:کے این این/ چیرمین حریت (گ) سید علی گیلانی معرکے کولگام میں جاں بحق ہوئے جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سرفروش قوم کی آزادی کے لیے اپنے ’آج‘ کو قربان کررہے ہیں۔ کے این این کوموصولہ بیان میں سیدعلی گیلانی نے کہاکہ ہم ان کی جرأت اور جذبۂ آزادی کو سلام پیش کرتے ہوئے اللہ تبارک وتعالیٰ سے دست بدعا ہیں کہ وہ ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرکے اپنے انعامات اور اعزازات سے نوازے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے حکمرانوں کی ضد اور ہٹ دھرمی والی پالیسی کی وجہ سے جموں کشمیر میں قیمتی انسانی زندگیاں بھینٹ چڑھ رہی ہیں۔ گیلانی صاحب نے اپنے اس اسٹینڈ کو پھر سے دہرایا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا پُرامن اور قابل عمل حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں میں پوشیدہ ہے اور جموں کشمیر میں جو بھی تشدد اور خون خرابہ ہورہا ہے یہ آزادی کی کی بات کرنے والوں کا قصور نہیں، بلکہ یہ بھارتی حکمرانوں کی ہٹ دھرمی اور غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے جو مسئلہ کشمیر کو صرف بندوق اور ملٹری مائیٹ کے ذریعے سے حل کرانے پر بضد ہے اور کشمیر میں آج جس طرح کی بھی صورتحال درپیش ہے، وہ اس غنڈہ گردی کا ایک فطری اور قدرتی ردّعمل ہے جو بھارت جموں کشمیر میں کررہا ہے۔اس دوران چیرمین حریت (گ) سید علی گیلانی نے تہار جیل میں محبوس حریت راہنما شبیر احمد شاہ کے چاچا کی وفات پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور جنت نشینی کی دُعا کی۔حریت راہنما نے مہلوکین کے لوحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اللہ تبارک وتعالیٰ سے دعا مانگتے ہیں کہ انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق نصیب کرے۔

Comments are closed.