کولگام جھڑپ کے پیش نظر جنوبی کشمیر میں انٹرنیٹ سہولیات معطل

بانہال سرینگر ٹرین سروس بھی احتیاطی طور پر بند کردی گئی

سرینگر/22جولائی/سی این آئی/ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ اور کولگام میں عارضی طور پر انٹرنیٹ سروس کو بند رکھا گیا ہے جبکہ قاضی گنڈ سرینگر ریل سروس کو بھی احتیاطی طور پر معطل کیا گیا ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق کولگام کھڈونی میں ایک خونریز جھڑپ کے بعد جس میں تین جنگجوئوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے کے بعد جنوبی کشمیر کے اننت ناگ اور کولگام اضلاع میں انٹرنیٹ سروس پر عارضی طور پر پابندی لگائی گئی ہے ۔ اس ضمن میں ذرائع سے معلو م ہوا ہے کہ کولگام میں جھڑپ کے پیش نظر انٹرنیٹ کو اسلئے بند کیا گیا ہے تاکہ جھڑپ کے بعد حالات کو مزید خراب ہونے سے روکا جاسکے ۔ اس دوران قاضی گنڈ سرینگر ریل سروس کو بھی احتیاطی طور پر معطل رکھا گیا ہے تاہم بارہمولہ سرینگر ریل سروس حسب معمول جاری ہے۔ ادھر جنوبی کشمیر میں بار بار انٹرنیٹ سروس پر پابندی لگانے پر تجارت پیشہ افراد اور طلبہ نے سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئے روز انٹرنیٹ سروس معطل رکھنے کی وجہ سے انہیں شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کیوں کہ آج کے جدید ٹیکنالوجی کے دور میں انٹرنیٹ سے ہی طلبہ کو متعلقہ اداروں تک رسائی حاصل ہوسکتی ہے جبکہ کالجوں اور یونیورسٹیوں کی جانب سے اہم نوٹفکیشن بھی اب انٹرنیٹ پر ہی شائع ہوتی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق تاجروں نے کہا کہ مارکیٹ ریٹ ، لین دین اور دیگر اہم کاموں کیلئے انٹرنیٹ سہولیات کافی اہمیت کی حامل ہے لیکن بار بار پابندی سے ہمارا کافی نقصان ہورہا ہے ۔

Comments are closed.