جعلی دستاویزات پربینک قرضوں کاحصول

سرکاری ملازم کیخلاف دھوکہ دہی کاکیس درج

کپوارہ:۲۴،مئی :/ جعلی دستاویزات پربینک قرضے حاصل کرنے کی پاداش میں کپوارہ پولیس نے ایک سرکاری ملازم کیخلاف دھوکہ دہی کاکیس درج کرلیا۔کے این این کومعلوم ہواکہ سرحدی ضلع کپوارہ کے لولاب علاقہ میں کئی افرادنے محکمہ مال کے افسرو ں وملازمین کیساتھ سازبازکرکے جعلی دستاویزات تیارکیں ،اورپھران فراڈ دستاویزات کی بناء پرانہوں نے مختلف بینکوں سے لاکھوں روپے مالیت کے قرضےLoanحاصل کرنے میں کامیابی پائی ،اوراس طرح سے ایسے افرادنے دھوکہ دہی کاارتکاب کیا۔ذرائع نے بتایاکہ لولاب ،کپوارہ ،کرالہ پورہ اورضلع کے دوسرے علاقوں میں جعلی دستاویزات کی بناء پرکئی افرادکی جانب سے بینکوں سے قرضے لینے کے بارے میں کپوارہ پولیس کوکئی شکایات ملیں ۔ایسے ہی ایک معاملے میں ایک سرکاری ملازم نے بھی جعلی دستاویزات جمع کرکے بینک سے لاکھوں روپے کاقرضہ لیا۔سرکاری ملازم کی بے ایمانی کامعاملہ منصف جج سوگام کی عدالت میں پیش ہوا،اورمنصف جج نے اس معاملے کاسخت نوٹس لیتے ہوئے کپوارہ پولیس کوبے ایمانی کے مرتکب ملازم کیخلاف کیس درج کرنے کی ہدایت دی ۔منصف جج سوگام نے پولیس کویہ ہدایت بھی دی کہ اس معاملے میں محکمہ مال کے اہلکاروں کے بارے میں بھی تحقیقات کی جائے کہ انہوں نے سرکاری ملازم کوکس بناء پرجعلی دستاویزات فراہم کیں ۔کپوارہ پولیس نے منصف جج کی ہدایت پرجعلی دستاویزات پربینک قرضے حاصل کرنے کے مرتکب سرکاری ملازم کیخلاف ایف آئی آرزیرنمبر23/2018زیردفعہ420،467،468اور471آرپی سی کے تحت کیس درج کرلیاتاہم خلاف ورزی کامرتکب سرکاری ملازم گرفتاری سے بچنے کیلئے روپوش ہوگیاہے۔تاہم کپوارہ پولیس نے بڑے پیمانے پراسکی تلاش شروع کرنے کیساتھ ساتھ جعلی دستاویزات پربینکوں سے قرضے حاصل کرنے والے سبھی معاملوں کی چھان بین بھی شروع کردی ہے۔

Comments are closed.