فلسطین اور کشمیر جیسے تنازعات عالمی برادری کی ناکامی:ملک یاسین
دیرینہ تنازعا ت حل کئے بغیرجنوبی ایشیاء اورمشرق وسطیٰ میں پائیدارامن قائم نہیں ہوگا
سری نگر:۱۸،مئی: مزاحمتی قائد محمدیاسین ملک نے’’ فلسطین اور کشمیر جیسے تنازعات کو عالمی برادری کی ناکامی‘‘سے تعبیرکرتے ہوئے واضح کیاہے کہ دونوں دیرینہ تنازعا ت حل کئے بغیرجنوبی ایشیاء اورمشرق وسطیٰ میں پائیدارامن قائم نہیں ہوگا۔کے این این کوموصولہ بیان کے مطابق لبریشن فرنٹ کے محبوس چیئرمین محمد یاسین ملک جو کل سے پولیس کی حراست میں مقید ہیں نے اسی حوالے سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عالمی برادری نے فلسطین اور کشمیر جیسے متنازعہ خطوں اورمقامات پر انسانیت اور انسانوں کو ناکام بنادیا ہے۔انہوں نے فلسطین میں اسرائیلی بربریت اور وہاں ہونے والے حالیہ قتل عام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لمبے عرصے سے چل رہے ان تنازعات اور مسئلوں کہ جن کے براہ راست شکار دنیا کے کروڑوں انسان ہورہے ہیں‘ کو حل کرنے کے بجائے عالمی برادری ان مسائل اور تنازعات کو مذید طول دینے اور مشکل بنانے میں منہمک نظر آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے بڑھکر المناک کیا ہوسکتا ہے کہ عالمی برادری نے اب انسانیت، انسان نوازی، اخلاقیات اور انسانی حس جیسے باکمال خصائل کو تجارتی مفادات، اقتصادی فوائد اور دوسرے دنیاوی مفادات کے عوض قربان کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انسانوں کے قتل عام ،انسانوں پر مظالم ،انسانوں کے جمہوری حقوق پر شب خون کو لاء اینڈ آرڈر اور سیکورٹی کے نام پر جائز ٹھہرانے کا عمل انتہائی خطرناک ہے اور عالمی برداری خاص طور پر امریکہ اس قسم کی روش کو فروغ دے کر دراصل انسانوں کے قتل عام، نسل کشی اور ٹارچر کو قانونی تحفظ اور مسحور کن بنانے کا مکروہ کام کررہے ہیں جو بہرصورت مذموم ہے۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ مزاحمتی قیادت نے آج فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف پرامن احتجاج کی اپیل کی ہے اور آج کے احتجاج کے ذریعے مقہور اور مظلوم کشمیری اپنے مظلوم فلسطینی بہن بھایؤں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری خاص طور پر امریکہ پر زور دے رہے ہیں کہ وہ دوہرے معیار اور منافقانہ روش پر مبنی اپنی پالیسیاں ترک کریں اور مظلوم اقوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو روکنے کی سعی کریں۔
Comments are closed.