مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازعہ، اقوام متحدہ قرار دادوں کے مطابق حل کیا جائے /ڈاکٹر فیصل

بھارت پاکستان کے خلاف آج بھی بچگانہ حرکتیں کررہا ہے، امن و سلامتی کیلئے مسائل کا حل تلاش کیا جانا چاہیے

سرینگر/09مئی /سی این آئی مسئلہ کشمیر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازعہ قرار دیتے ہوئے پاکستان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کو ستر سال بیت گئے، کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے تاہم بھارت پاکستان کے خلاف آج بھی بچگانہ حرکتیں کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و سلامتی کے لیے پرامن انداز سے مسائل کا حل تلاش کیا جانا چاہیے اور اس کے لیے دونوں ممالک کو باہمی تعاون کو یقینی بنا کر پر امن انداز سے مسائل کو حل کرنا ہو گا ۔سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق اسلام آباد میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستانی ترجمان خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان پر بھارتی بے بنیاد الزامات دہشت گردی سے رنگے ہاتھ چھپانے کی کوشش ہے جب کہ پاکستان خود بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نہتے کشمیریوں پر طاقت کا استعمال کررہی ہے،12 کشمیریوں کو جاں بحق کیا جاچکا ہے جب کہ بھارت تحریک آزادی کو دہشت گردی قرار دینے کی کوشش کررہا ہے جسے عالمی برادری مسترد کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حریت رہنماوں کی نظر بندی و گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ جنوبی ایشیا کے حوالے سے پالیسی کا جائزہ لے رہا ہے، جان مکین اور امریکی قیادت نے بارہا پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا جب کہ امریکی وفد کا دورہ پاکستان مثبت رہا جس میں کشمیر سمیت تمام معاملات پر بات چیت کی گئی ہے۔بھارت کی جانب سے پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ بھارتی بے بنیاد الزامات اپنے دہشت گردی سے رنگے ہاتھ چھپانے کی کوشش ہے، بھارت پاکستان پر دہشت گردی پرمسلط کرتا ہے اور دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خود بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہے جب کہ بھارتی سرکاری حکام نے پاکستان میں ریاستی دہشت گردی کے پھیلائو کو تسلیم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی رویے نے نہ صرف سارک سمٹ کو سبوتاڑ کیا بلکہ بھارت نے سارک تنظیم کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچایا،بھارت کی کشمیر میں غیر کشمیریوں کی آبادکاری اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث دونوں ممالک کے تعلقات ٹھیک نہیں رہے، مودی سرکار کے دور میں دوطرفہ تعلقات مزید خراب ہوئے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر دونوں ممالک کے درمیان بنیادی وجہ تنازعہ ہے، مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کو ستر سال بیت گئے، کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے تاہم بھارت پاکستان کے خلاف آج بھی بچگانہ حرکتیں کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و سلامتی کے لیے پرامن انداز سے مسائل کا حل تلاش کیا جانا چاہیے اور اس کے لیے دونوں ممالک کو باہمی تعاون کو یقینی بنا کر پر امن انداز سے مسائل کو حل کرنا ہو گا۔

Comments are closed.