ریڈکراس کے عالمی دن کے موقعے پررسرینگر میں تقریب منعقد ؛ کئی رضاکاروں کو کی گئی عزت افزائی /فاروق شاہ

طلباء میں خدمت خلق کا جذبہ اُبھارنے کیلئے ہائر سیکنڈری سکولوں میں ریڈ کراس کمیٹیوں کے قیام لایا جائے گا

سرینگر 08مئی/ سی این آئی طالب علموں میں خدمت خلق کا جذبہ اُبھارنے کے لئے ریاست کے تمام ہائر سیکنڈری سکولوں میں ریڈکراس کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا تاکہ متعلقہ سکولوں کے طلباء کومختلف سرگرمیوں میں حصہ لینے کے دوران لوگوں خاص کر ضرورت مندوں کی خدمت کر نے کے لئے اُن کی رہنمائی کی جاسکے۔سی این آئی کے مطابق اِن باتوں کا اظہارسیکریٹری تعلیم فاروق احمد شاہ نے آج عالمی ریڈکراس دن کے موقعے پر گرلز ہائر سیکنڈری سکول کوٹھی باغ میں ریاستی ریڈکراس سوسائیٹی کے اہتمام سے منعقدہ ایک تقریب کے دوران مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے کیا۔ سیکریٹری تعلیم نے کہا کہ صحیح تعلیم وتربیت کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ طالب علم ایک دوسرے کے کام آئیں اور اُن میں غریبوں ، ضرورت مندوں ، محتاجوں اور مختلف آفات کے دوران مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کرنے کا جذبہ موجود ہو۔انہوں نے ریاستی ریڈکراس سوسائیٹی کے جنرل سیکریٹری سے اپیل کی کہ وہ اِن سکولوں میں طلباء کوخصوصی طور فسٹ ایڈ تربیت فراہم کریں تاکہ کسی بھی مشکل گھڑی میں ہمارے طالب علم کسی فرد،اپنے گھر ، اپنے خاندان اور ہمارے سماج کے کام آسکیں۔تقریب کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی انڈین ریڈکراس سوسائیٹی کے جنرل سیکریٹری محمد شفیع راتھر نے کہا کہ ریاستی ریڈکراس سوسائٹی نے پچھلے سال عطیۂ خون کے۳۲ کیمپوں کا انعقاد کرکے چار ہزار بلڈ پوائنٹس جمع کئے اور سوسائیٹی کی طرف سے کرگل ، لیہہ ، رام بن، بارہمولہ، پونچھ اورریاست کے دیگر دور دراز علاقوں میں پچاس جگہوں پرفسٹ ایڈ تربیتی پروگراموں کے انعقاد کے دوران نو ہزار کے قریب افراد کو ضروری تربیت فراہم کی گئی جن میں آنگن واڈی ورکرس،کمرشل ڈرائیورس، اساتذہ، آشا ورکرس اور طلباء و طالبات شامل ہیں۔ جنرل سیکریٹری نے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ سکولوں کے طالب علموں سے اپیل کی کہ وہ ریاستی ریڈکراس سوسائیٹی کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ وہ کسی بھی آفت کے دوران سماج کی خدمت کر سکیں۔ ریڈ کراس سوسائیٹی کی ریاستی انتظامیہ کمیٹی کے ممبر علی محمد میر، آنرری سیکریٹری ایم آر متواور ICRC کے نمائندے بھی اس موقعے پر موجود تھے ۔اس موقعے پر پرنسپل گرلز ہائر سیکنڈری سکول کوٹھی باغ رومانہ قاضی ، پروگرام کے Hostاور میڈیا کارڈی نیٹر ایجوکیشن فیاض احمد فیاض ؔ اور بانہال سے وابستہ اُن ۳۵ رضاکاروں کی رسماً عزت افزائی کی گئی جنہوں نے گزشتہ سال امرناتھ یاترا کے ایک حادثے کے دوران خدمت خلق کے جذبے کے تحت نمایاں خدمات انجام دی تھیں۔تقریب میں مختلف رضاکاروں کے ساتھ ساتھ کافی تعداد میں Blood points عطیے کے طورپیش کرنے والوں نے بھی شرکت کی۔اس موقعے پر گرلز ہائر سیکنڈری سکول کاٹھی باغ کی طالبات نے چند کشمیری منظوم دعائیں پیش کیں۔پروگرام کے دوران انڈین ریڈکراس سوسائیٹی کے قومی ماسٹر ٹرینر ڈاکٹر اتندرپال سنگھ بالی کی نگرانی میں سوسائیٹی کے رضاکاروں نے فسٹ ایڈ سے متعلق mock drill پیش کیا۔ آخر میں شکریہ کی رسم آنرری ٹریجرر جی این قریشی نے انجام دی۔

Comments are closed.