ہماری مہمان نوازی کی شبیہ بری طرح متاثر ہوئی/عمر عبداللہ
نارہ بل کا واقعہ ہمارے لئے بڑی دکھ اور شرم کی بات
سرینگر 08مئی/ نارہ بل میں کل ہمارے مہمانوں کیساتھ جو واقعہ پیش آیا اُس کی جتنی بھی مذمت اور ملامت کی جائے کم ہے، ہم اپنی مہمان نوازی پر بڑا فخر کرتے ہیں، نہ صرف ملک بلکہ پوری دنیا میں اپنی مہمان نوازی کی بات کرتے ہیں اور اس میں کوئی دورائے نہیں کہ اہل کشمیر نے مہمان نوازی میں پوری دنیا میں اپنا نام کمایا ہے لیکن کل ہم نے اپنے مہمانوں کیساتھ جو سلوک کیا، اُس سے بڑی دکھ اور شرم کی بات کوئی نہیں ہوسکتی۔سی این آئی کے مطابق ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے آج لیہہ لداخ میں پارٹی دفتر کا افتتاح کرتے ہوئے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سوالوں کے جوابات دیتے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کل نارہ بل میں پتھراؤ کے واقعہ میں ایک نوجوان سیاح مارا گیا، اس سے ہماری شبیہ بری طرح متاثر ہوئی ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے گذشتہ3سال سے وادی کشمیر کے حالات آہستہ آہستہ خراب ہوتے جارہے ہیں اور آج نوبت یہاں تک آئی ہے کہ ہمیں کل کا واقعہ دیکھنے کو ملا۔ میں مرکز اور ریاستی سرکار کو بار بار خبردار کرتا آیا ہوں کہ افہام و تفہیم کا راستہ اختیار کرکے جلد سے جلد حالات کو قابو میں کیا جائے، نہیں تو صورتحال اتنی خراب ہوجائیگی کہ جس پر قابو پر شائد مشکل ہوجائے گا، لیکن دونوں سرکاریں ابھی تک اس بات کو سمجھنے کیلئے تیار نہیں، شائد کل کے واقعہ سے انہیں کچھ احساس ہوجائے۔اس سے قبل پارٹی دفتر عمر عبداللہ نے پارٹی عہدیداروں، کارکنوں اور معزز شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے مجھے خوشی ہے کہ لیہہ میں ہم دوبارہ مضبوطی کی طرف گامز ن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس تقسیمی سیاست اور موقعہ پرستی میں یقین نہیں رکھتی ہے، اس جماعت نے ہمیشہ ریاست کے تینوں کو ایک ساتھ رکھا اور اس کیلئے بیش بہا قربانیاں پیش کیں۔ خطہ لداخ کی تعمیر و ترقی ، عوام کی خوشحالی اور فارغ البالی کے علاوہ تعلیم کے فروغ کیلئے نیشنل کانفرنس نے سب سے بڑا رول ادا کیا ہے اور اس جماعت نے ہمیشہ اس خطہ کی طرف خصوصی توجہ دی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اس بارے بھی آنے والے لداخ ہل ڈیولپمنٹ کونسل انتخابات میں بڑھ چڑھ حصہ لے گی اور پارٹی اُنہی نمائندوں کو میدان میں اُتارے گی ، جن کی عوام میں اچھی ساخت اور خدمت خلق کا جذبہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے تینوں کے تہذیب و تمدن ، مذہبی آزادی اور یکساں سلوک اور مساوی بنیادوں پر ترقی کیلئے نیشنل کانفرنس نے کلیدی اور تاریخی رول ادا کیا ہے ، جو ایک نہ مٹنے والی حقیقت ہے۔ انہوں نے لداخ کے عوام کو ہوشیار کرتے ہوئے کہا کہ آج کل ریاست میں ایسی جماعتیں اور عناصر سرگرم ہوگئے ہیں جو مذہبی، زبان اور علاقائی بنیادوں پر نہ صرف یہاں کے عوام کو تقسیم کرنے پر تلے ہوئے ہیں بلکہ ریاست کے ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی سازشیں بھی رچا رہیں گے۔ اس لئے ہمیں ایسے عناصر اور ایسی جماعتوں سے ہوشیار رہنا چاہئے تاکہ اُن کے مذموم عزائم اور ارادوں کو خاک میں ملایا جاسکے۔
Comments are closed.