شہر خاص کے متعدد علاقوں میں سیکورٹی فورسزا ور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں
کئی مقامات پر احتجاجی جلوس برآمد، پوری وادی میں حالات کشیدہ اور پُر تناؤ
سرینگر؍06؍مئی؍ ؍ شہر خاص کے متعدد علاقوں میں سہ پہر کے بعد مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس دوران فورسز نے نوجوانوں کو منتشر کرنے کیلئے اشک آور گیس کے گولوں کے ساتھ ساتھ ساونڈ شیلوں کا استعمال کیا ۔ جے کے این ایس کے مطابق شوپیاں اور پلوامہ میں عام شہریوں کی ہلاکتوں کے خلاف شہر خاص میں نوجوانوں نے سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے ۔ نمائندے کے مطابق غیر اعلانیہ کرفیو کے باوجود کاوڈارہ ، راجوری کدل ، صفا کدل اور نور باغ علاقوں میں نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاجی مظاہرئے کئے اس دوران پہلے سے تعینات سیکورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے اشک آور گیس کے گولے داغے جس پر احتجاج کرنے والے مزید مشتعل ہوئے اور شدید پتھراو کیا ۔ تشدد پر اُتر آئی بھیڑ کو منتشر کرنے کیلئے ساونڈ شیلوں کا استعمال کیا گیا۔ خانقاہ معلی ، بہوری کدل ، صفا کدل اور کلاشپورہ سرینگر میں بھی سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ معلوم ہوا ہے کہ شہری ہلاکتوں کے خلاف جونہی نوجوانوں نے احتجاجی جلوس نکالا فورسز نے مظاہرین کو روک کر انہیں آگے جانے کی اجازت نہیں دی جس پر نوجوان مشتعل ہوئے اور پتھراو کیا ۔ نمائندے کے مطابق شہر خاص کے ایک درجن کے قریب علاقوں میں سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان آخری اطلاعات موصول ہونے تک جھڑپوں کا سلسلہ جاری تھا۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہیں۔
Comments are closed.