شاہ گنڈ حاجن میں نامعلوم بندوق بردار نمودار
چاچا بھتیجے کا اغوا کرنے کے بعد دونوں کو گولیوں سے بوندھ کر رکھ دیا
سرینگر؍05؍مئی؍ ؍ شاہ گنڈ حاجن میں نامعلوم بندوق برداروں نے چاچا بھتیجے کااغوا کرنے کے بعد میں اُن پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں کی موقعے پر ہی موت واقع ہوئی۔ پولیس ترجمان کے مطابق عسکریت پسندوں نے چاچا بھتیجے کو بے دردی کے ساتھ قتل کیا ہے۔ جے کے این ایس کے مطابق شاہ گنڈ حاجن میں درمیانی رات کو نامعلوم بندوق بردار رہائشی مکان میں گھس گئے اور چاچابھتیجے کا اغوا کیا ۔ نمائندے کے مطابق صبح سویرے رحیم دار محلہ کے نزدیک دونوں کی گولیوں سے چھلنی نعشیں برآمد ہوئی ۔حاجن اور اُس کے ملحقہ علاقوں میں دو افراد کو گولیوں سے بوندھ کر رکھ دینے کی خبر پھیلتے ہی سینکڑوں کی تعداد میں لوگ جائے موقع پر پہنچ گئے اور دوہرے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرئے کئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق درمیانی رات کو عسکریت پسند شاہ گنڈ حاجن میں نمودار ہوئے اور غلام حسن راسہ ولد عبدالجبار اور بشیر احمد ولد عبدالرحمن کو بندوق کی نوک پر اغوا کیا ۔ ترجمان کے مطابق عسکریت پسندوں نے چاچا بھتیجے پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں کی موقعے پر ہی موت واقع ہوئی ۔پولیس ترجمان کے مطابق قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد نعشیں لواحقین کے حوالے کی گئی ہے۔ ادھر حاجن میں خبر پھیلتے ہی لوگ گھروں سے باہر آئے اور دوہرے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرئے کئے ۔ نمائندے کے مطابق چاچا بھتیجے کو پُر نم آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا ۔
Comments are closed.