بی جے پی لیڈر کی حفاظت پر مامور اہلکاروں نے بانہال میں اندھا دھند فائرنگ کی

پولیس نے فوری طورپر حفاظتی اہلکاروں کو دھردبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا

سرینگر؍یکم؍مئی؍ جے کے این ایس؍ کل شام جموں وکشمیر شاہراہ پر بانہال کے مقام پر بی جے پی لیڈر کی حفاظت پر مامور دو اہلکاروں کی جانب سے بغیر کسی اشتعال کے عام شہری کی ہڈی پسلی ایک کرنے اور پھر ہوا میں اندھا دھند فائرنگ کرنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے دونوں اہلکاروں کو حراست میں لے کر اس ضمن میں مزید تحقیقات شروع کی ۔ جے کے این ایس کے مطابق کل شام بھارتیہ جنتاپارٹی کے لیڈر ایم ایل سی صوفی یوسف سرینگر کی طرف آرہے تھے کہ نو بجے کے قریب بانہال کے مقام پر لیڈر کی حفاظت پر مامور دو پولیس اہلکار گاڑی سے نیچے اترے اور ایک عام شہری کی ہڈی پسلی ایک کرنے کے بعد کئی منٹوں تک ہوائی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں شاہراہ پر سفر کر رہے سیاحوں میں خوف ودہشت کی لہر دوڑ گئی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق نو بجے کے قریب بی جے پی لیڈر کے پی ایس اوز نے بانہال میں عام شہری عامر سلیم کو صرف اس وجہ سے پیٹا کہ اُس نے ایم ایل سی کی گاڑی کو راستہ نہیں دیا۔ پولیس ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ جونہی پی ایس اوز نے مقامی نوجوان کی ہڈی پسلی ایک کردی اس دوران لوگ گھروں سے باہر آئے اور حفاظت پر مامور اہلکاروں کو پکڑنے کی کوشش کی جس دوران اہلکاروں نے ہوا میں اندھا دھند فائرنگ کی ۔ بغیر کسی اشتعال کے فائرنگ کرنے اور عام شہری کی ہڈی پسلی ایک کرنے کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے حفاظت پر مامور دونوں اہلکاروں کو حراست میں لے کر اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 61/2018زیر دفعہ 307,341,323اور 7/25آرمز ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے جس نوجوان کی ہڈی پسلی ایک کردی وہ مقامی بی جے پی لیڈر محمد سلیم بٹ ساکنہ بانہال کا فرزند ہے۔

Comments are closed.