ٹنل کے آر پار شب برات کی رُوح شبانہ مجالس بڑی تزک واحتشام اورذوق وشوق کیساتھ منائی گئی
درگاہ حضرتبل اورجامع مسجد سرینگر میں سب سے بڑی تقاریب کااہتمام ، لاکھوں فرزندان ِ توحید نے شب بیداری کی
سرینگر/یکم مئی // ریاست کے آر پار مبارک شب برات کی رُوح شبانہ مجالس بڑی تزک واحتشام اورذوق وشوق کیساتھ منائی گئی ۔ اس سلسلے میںدرگاہ حضرتبل اورجامع مسجدسرینگر میں سب سے بڑی تقاریب کااہتمام ہو ا جہاں لاکھوں فرزندان ِ توحید شب بیداری کے دوران اللہ تعالیٰ کے سامنے ہاتھ پھیلاپھیلاکر’ایمان ،عمر ورزق حلال میں برکت،سلامتی حیات وعزت اورنیک تمنائوں واچھی خواہشات ‘ کی تکمیل کیلئے خصوصی دعائیں کی ۔تاریخی درگاہ اورجامع مسجدمیں نمازعشاء اداکرنے کے بعد ایمان اوردینی عقیدت سے سرشار مسلمان مردوزن درودواذکاراورخصوصی عبادات میں پوری رات محورہیں ۔اُدھرشمالی ،وسطی اورجنوبی کشمیر میں واقع بڑی مساجد،خانقاہوں ،زیارتگاہوں ،دینی مدرسوں اورگھروں میں بھی شب برات کی مناسبت سے رُوح پرورمجالس کاانعقادکیا گیا ۔کرنٹ نیو آف انڈیا کے مطابق دعائوں کی خصوصی رات یعنی شب برات کے حوالے سے یکم مئی بروزمنگل وار کی شام درگاہ حضرت بل ، تاریخی جامع مسجد سرینگر اور شہر و قصبہ جات کی تمام جامع مساجد ، خانقاہوں ، زیارت گاہوں اور دینی مدارس میں روح پرور شبانہ مجالس کا اہتمام کیا گیا جبکہ اس سلسلے میں سب سے بڑی اور روح پرور شبانہ مجالس اور شب خوانی کا اہتمام درگاہ حضرت بل اور جامع مسجد سرینگر میں ہوا جہاں ہزاروں فرزندان توحید بشمول مرد و زن ، بچے اور بوڑھے رات بھر شب خوانی کرنے کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ کے حضور سر بسجود تھے ۔پوری رات لوگ ’’ایمان ،عمر ورزق حلال میں برکت،سلامتی حیات وعزت اورنیک تمنائوں واچھی خواہشات ‘ ‘ کی تکمیل کیلئے رب کائنات کے سامنے اپنے ہاتھ پھیلا پھیلاکر خصوصی دعائیں بھی مانگتے رہیں ۔درگاہ حضرت بل اور جامع مسجد سرینگر میں شب برات کے پیش نظر نماز عشاء بالترتیب رات کے ساڑھے10اور 10بجے ادا کی گئی جبکہ یہاں با برکت شبانہ مجلس میں شرکت کیلئے آنے والے ہزاروں فرزندان توحید کی سہولیت کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کئے جا گئے تھے ۔معلوم ہوا کہ درگاہ حضرت بل اور جامع مسجد کے علاوہ شب برات کی مناسبت سے آثار شریف کلاش پورہ ، خانقاہ معلی ، آستانہ عالیہ محبوب العالم ؒ،آستان عالیہ حضرت پیران پیر شیخ عبدالقادر جیلانی ؒاور سرینگر کی دیگر بڑی مساجد و خانقاہوں میں بھی روح پرور مجالس کا اہتمام کیا گیا اور پوری رات درودو اذکار کے ساتھ ساتھ فرزندان توحید خصوصی نمازوں اور دعائوں میں محورہیں ۔ادھر بارہمولہ ، سوپور ، کپوارہ ، ہندوارہ ، بانڈی پورہ ، اننت ناگ ، بجبہاڑہ ، اونتی پورہ ، پلوامہ ، ترال ، شوپیان ، کولگام اور بڈگام کے علاوہ شمال و جنوب تمام ضلع وتحاصیل صدر مقامات پر واقع مساجد ، خانقاہوں ، زیارت گاہوں ، دینی مدارس اور گھروں میں بھی شب برات کے حوالے سے خصوصی دعائیہ مجالس کا اہتمام کیا گیا ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہر سال 14شعبان المعظم اور 15شعبان المعظم کی درمیانی رات شب برات کی با برکت اور مبارک تقریب کا اہتمام کیا جاتا ہے اور اس حوالے سے مساجد ، خانقاہوں ، زیارت گاہوں اور دیگر مقامات پر عبادات میں محو رہنے والے مسلمان مرد و زن اللہ تعالیٰ کے سامنے ہاتھ پھیلا پھیلا کر روتے گڑگڑاتے اپنی عمر اور روز گار میں برکت کے ساتھ ساتھ مصائب و مشکلات سے نجات ، نیک تمنائوں اور خواہشات کی تکمیل کیلئے خصوصی دعائیں کرتے رہتے ہیں اور نماز عشا ء سے لیکر اگلی صبح نماز فجر تک فرزندان توحید پوری رات جاگتے ہوئے سربسجود ہو کر اس با برکت رات کے تئیں اپنے احترام اور عقیدت کا اظہار کرتے ہیں ۔
Comments are closed.