موجودہ حکومت نے جنوبی کشمیر میں ظلم و تشدد کے پہاڑ توڑے /نیشنل کانفرنس

کٹھوعہ سانحہ کے ملوثین کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ
سرینگر/17اپریل/سی این آئی موجودہ حکومت نے ریاست خصوصاً جنوبی کشمیر کے عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، عام شہریوں کی ہلاکتیں معمول بن گئیں ہیں، فورسز کو عوام کیخلاف تمام حربے اپنانے کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے جبکہ حکمران ظلم و تشدد اور مار دھاڑ کی تماشائی بن کر رہ گئے ہیں۔سی این آئی کو موصولہ بیان کے مطابق ان باتوں کا اظہار آج نیشنل کانفرنس جنوبی کشمیر کے ایک غیر معمولی اجلاس میں مقررین نے اپنے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کیا۔ ڈاک بنگلہ کھنہ بل اننت ناگ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت جنوبی زون صدر سکینہ ایتو کررہی تھیں جبکہ اس موقعے پر پارٹی کے سینئر لیڈران الطاف احمد کلو(ایم ایل اے پہلگام)، ڈاکٹر بشیر احمد ویری، ایڈوکیٹ عبدالمجید بٹ لارمی( ایم ایل اے ہوم شالی بُگ)، پیرزادہ غلام احمد شاہ، غلام محی الدین میر، غلام نبی رتن پوری، ڈاکٹر محمد شفیع،شیخ محمد رفیع، صوبائی ترجمان عمران نبی ڈار، محمد اشرف بٹ اور یاض احمد خان کے علاوہ کانسچونسی انچارج، بلاک صدور صاحبان نے شرکت کی۔ اجلاس میں جنوبی کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ نوجوان میں جنگجوؤں کی صفوں میں شامل ہونے کا رجحان ہر گزرتے دن کیساتھ بڑھ رہا ہے لیکن حکومت اس رجحان پر بریک لگانے میں سنجیدہ دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ افہام و تفہیم کا راستہ اپنانے کے بجائے نوجوانوں کو مزید پشت بہ دیوار کیا جارہا ہے اور نوجوان بھی سسٹم سے دور ہوتا جارہا ہے۔ مقررین نے کہا کہ پی ڈی پی بھاجپا دورِ حکومت کے گذشتہ ساڑھے3سال میں جنوبی کشمیر میں جو کچھ سہا وہ ایک درد بھری داستان ہے۔ جو ظلم و تشدد یہاں کی آبادی پر ڈھائے گئے اُس کی مثال ماضی میں کہیں نہیں ملتی۔ فصلوں کو آگ لگانے سے میوہ باغات کو نقصان پہنچانے تک اور بجلی ٹرانسفامروں پر گولیوں کی بوچھاڑ سے لیکر مکانوں اور دیگر املاک کی توڑ پھوڑ تک، ظلم کی نئی داستانیں رقم کی گئیں۔ اجلاس میں عام شہریوں کی مسلسل ہلاکتوں اور پیلٹ گن کے بے تحاشہ استعمال پر زبردست تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا گیا کہ عام شہریوں کیخلاف چھیڑی گئی جنگ فوری طور پر ختم کی جائے۔ اجلاس میں کٹھوعہ سانحہ پر رنج و الم اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس گھناونے جرم کے مرتکبین کو کیفر کردار تک پہنچانے کی مانگ کی گئی اور متاثرہ کنبہ کیساتھ اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔ اجلاس میں پارٹی سرگرمیوں اور پروگراموں کے علاوہ لوگوں کو درپیش مختلف نوعیت کے مسائل و مشکلات بھی اُجاگر کئے گئے ۔ صدرِ اجلاس سکینہ ایتو نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی ڈی پی نے عوامی منڈیٹ مکمل طور پر کھو دیا ہے، جن وعدوں اور اعلانات پر اس جماعت نے لوگوں نے ووٹ حاصل کئے ، اقتدار میں آنے کے بعد اُن سے مکمل طور پر انحراف کیا گیا۔

Comments are closed.