شہری ہلاکتوں کے خلاف ڈلی پورہ پلوامہ میں خواتین کی احتجاجی ریلی برآمد

قصبہ پلوامہ میں مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں ، شلنگ اور ساونڈ شیلوں کا استعمال

؂سرینگر//13ٌ ؍اپریل؍ یو پی آئی ؍؍ شہری ہلاکتوں کے خلاف پلوامہ میں خواتین کی کثیر تعداد نے ڈلی پورہ سے مین چوک تک احتجاجی جلوس نکالا اور اسلام و آزادی کے حق میں نعرے بازی کی اس دوران جونہی خواتین واپس جار ہی تھیں کہ نوجوانوں نے سیکورٹی فورسز پر پتھراو کیا ۔ فورسز نے مظاہرین کو تتر بتر کرنے کیلئے اشک آور گیس کے گولوں کے ساتھ ساتھ ساونڈ شیلوں کا استعمال کیا ۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق شہری ہلاکتوں کے خلاف ڈلی پورہ پلوامہ میں خواتین کی کثیر تعداد نے احتجاجی جلوس نکالا جو مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئے مین قصبہ میں اختتام پذیر ہوا۔ نمائندے کے مطابق خواتین شہری ہلاکتوں پر روک لگانے کا مطالبہ کر رہی تھیں ۔ احتجاجی خواتین نے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جھڑپوں میں عام شہریوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے جس پر فوری روک لگانے کی ضرورت ہے۔ نمائندے نے بتایا کہ جونہی خواتین کا یہ جلوس پُر امن طورپر منتشر ہوا ، نوجوان کی ٹولیاں سڑکوں پر نکل آئیں اور پہلے سے تعینات سیکورٹی فورسز پر پتھراو کیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے اشک آور گیس کے گولوں کے ساتھ ساونڈ شیلوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں قصبہ پلوامہ میں افرا تفری کا ماحول پھیل گیا اور لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان کافی دیر تک تصادم آرائیوں کا سلسلہ جاری جس کی وجہ سے قصبہ میں افرا تفری کا ماحول پھیل گیا۔

Comments are closed.