سرینگر میں منشیات فروشوں کی 1.05کروڑ روپے مالیت کی جائیدادیں منسلک

منشیات کے خاتمہ کیلئے پولیس نے اپنی مہم میں تیزی کرتے ہوئے سرینگر پولیس نے منشیات فروشوں کی 1.05 کروڑ روپے مالیت کی جائیدادیں منسلک کر دیں۔ پولیس کے مطابق اس کارروائی کا مقصد منشیات کے کاروبار سے وابستہ نیٹ ورک کے مالی ڈھانچے کو ختم کرنا اور منشیات کی تجارت سے حاصل ہونے والی مبینہ آمدنی سے بنائے گئے اثاثوں کے خلاف سخت کارروائی کرنا ہے۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پہلی جائیداد پمبوش کالونی پالپورہ، نورباغ سرینگر میں واقع رہائشی مکان اور اس کے نیچے موجود زمین پر مشتمل ہے، جو عاقب مشتاق کینو ولد مشتاق احمد کینو کی ملکیت ہے۔ اس جائیداد کی مالیت تقریباً 50 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ اسے این ڈی پی ایس ایکٹ 1985 کی دفعہ 68-Fکے تحت منسلک کیا گیا ہے۔ یہ کارروائی پولیس اسٹیشن صفاکدل میں درج ایف آئی آر نمبر 48/2022کے سلسلے میں کی گئی، جس میں NDPS ایکٹ میں عائد ہیں۔ ملزم کو متعلقہ عدالت سے ضمانت مل چکی ہے۔

دوسری منسلک کی گئی جائیداد میں پتھر مسجد زینہ کدل سرینگر میں واقع تین منزلہ رہائشی مکان، دو کمرشل دکانیں اور ان کے نیچے موجود زمین شامل ہے۔ یہ جائیداد الطاف احمد نجار عرف ٹی کے خان ولد مرحوم غلام قادر نجار کی ملکیت ہے اور اس کی تخمینی مالیت تقریباً 55 لاکھ روپے ہے۔ اسے بھی NDPS ایکٹ کے تحت منسلک کیا گیا۔ یہ کارروائی پولیس اسٹیشن کرالہ کھڈ میں درج ایف آئی آر نمبر 32/2021کے سلسلے میں عمل میں لائی گئی، جس میں NDPS ایکٹ کی دفعات 8/21شامل ہیں۔

Comments are closed.