طلبہ صرف ملازمت کے متلاشی نہیں بلکہ ہندوستان کے مستقبل کے معمار / منوج سنہا

لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے امر سنگھ کالج سرینگر میں منعقدہ 77ویں ریاستی سطح کے میگا جاب فیئر سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بڑے خواب دیکھیں، مسلسل سیکھنے کا عمل جاری رکھیں اور جدت و اختراع کو اپنی کامیابی کا بنیادی ذریعہ بنائیں۔میگا جاب فیئر کا انعقاد دیش بھگت یونیورسٹی پنجاب اور کلسٹر یونیورسٹی سرینگر نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ، نیشنز ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن اور بھارت مائی کے اشتراک سے کیا۔ جاب فیئر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت، بینکنگ، مالیاتی خدمات، مینوفیکچرنگ، ریٹیل، ہاسپیٹیلٹی، تعلیم، لاجسٹکس اور انجینئرنگ سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ 50 سے زائد معروف کمپنیوں نے شرکت کی، جس کا مقصد نوجوانوں کو براہِ راست صنعتوں اور روزگار کے مواقع سے جوڑنا تھا۔

اس دوران اپنے کلیدی خطاب میں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے میگا جاب فیئر کو نوجوانوں کی امنگوں کو مواقع سے جوڑنے اور جموں و کشمیر کے روشن مستقبل کی تعمیر کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں خوابوں کو سمت ملتی ہے، تعلیم کو صنعت سے جوڑا جاتا ہے اور ایک نئے جموں و کشمیر کی بنیاد مضبوط ہوتی ہے۔ہزاروں رجسٹرڈ طلبہ کی شرکت کا ذکر کرتے ہوئے لیفٹنٹ گورنر نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات کی اصل اہمیت نوجوانوں میں اعتماد پیدا کرنے میں ہے۔انہوں نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ”آپ صرف ملازمت کے متلاشی نہیں ہیں، آپ ہندوستان کے مستقبل کے معمار ہیں۔ آپ کے ہاتھوں میں نہ صرف آپ کا کیریئر بلکہ ملک کی ترقی کی سمت بھی ہے۔ آپ اسکل انڈیا کی طاقت، ڈیجیٹل انڈیا کا چہرہ اور آتم نربھر بھارت کے حقیقی علمبردار ہیں۔“سنہا نے میگا جاب فیئر کے چھ اہم مقاصد بھی بیان کیے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کے ذریعے نوجوانوں کیلئے بامعنی روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے تاکہ وہ خود کفیل بننے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ جاب فیئر صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینے میں بھی مددگار ثابت ہوگا، جس سے تعلیمی ڈگریوں اور عملی میدان میں درکار مہارتوں کے درمیان موجود خلا کو کم کیا جاسکے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہنر مندی کے ترقیاتی پروگراموں کو ڈیجیٹل خواندگی اور تکنیکی صلاحیتوں کے ساتھ ہم آہنگ کیا جانا چاہیے، جبکہ آسان بھرتی کیلئے ایک ایسا روڈ میپ تیار کرنے کی ضرورت ہے جس کے تحت موقع پر ہی انٹرویوز اور براہِ راست تقرری کے امکانات پیدا ہوں۔منوج سنہا نے کہا کہ میگا جاب فیئر کا ایک اہم مقصد کاروباری سرگرمیوں اور انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینا بھی ہے تاکہ نوجوان صرف ملازمت حاصل کرنے والے نہ بنیں بلکہ مستقبل میں روزگار پیدا کرنے والے بھی بن سکیں۔ اس کے علاوہ ملک کی ترقی کے سفر کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ افرادی قوت تیار کرنا بھی ضروری ہے۔

Comments are closed.