سالانہ امرناتھ یاترا جاری :2051یاتریوں کا ایک اور قافلہ کشمیر کی جانب روانہ

بم بم بولے کے نعروں کی گونج کے ساتھ سالانہ امرناتھ یاترا جاری ہے ۔ حکام کے مطابق امرناتھ یاترا کے سلسلے میں منگل کی علی الصبح جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے 2051یاتریوں کا ایک اور قافلہ سخت اور کثیر سطحی حفاظتی انتظامات کے درمیان کشمیر کیلئے روانہ ہوا۔

حکام کے مطابق یاتریوں کا یہ 22واں قافلہ تقریباً 82 گاڑیوں میں بالتال بیس کیمپ کی جانب روانہ کیا گیا۔حکام کے مطابق اس قافلے میں 369 خواتین، دو بچے اور 30 غیر ملکی یاتری بھی شامل ہیں۔ آج کے قافلے کی روانگی کے ساتھ ہی رواں سال شری امرناتھ یاترا کے لیے جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے روانہ ہونے والے یاتریوں کی مجموعی تعداد 1,32,406 تک پہنچ گئی ہے۔

دریں اثنا، اب تک 4لاکھ 36ہزار سے زائد یاتری پہلگام اور بالتال راستوں سے سفر کرتے ہوئے گھپا میں شیولنگ کے درشن اور پوجا کر چکے ہیں۔حکام نے بتایا کہ فی الحال پہلگام روٹ سے یاترا معطل ہے۔ اس راستے پر مرمتی کام جاری ہونے کے باعث یاتریوں کو اس راستے سے غار کی جانب جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی، جبکہ موجودہ قافلہ بالتال روٹ کے ذریعے روانہ کیا گیا ہے۔

Comments are closed.